وزیراعظم شہباز شریف کا سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی مکمل حمایت کا اعادہ
- شہباز شریف سے پاکستان میں سعودی عرب کے نومنتخب سفیر ڈاکٹر راجح تامی البقامی کی ملاقات
وزیراعظم شہباز شریف نے جمعہ کو سعودی عرب کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے مملکت پر حوثی باغیوں کے حالیہ بڑھتے حملوں کی مذمت کی۔
سرکاری بیان کے مطابق شہباز شریف نے پاکستان میں سعودی عرب کے نومنتخب سفیر ڈاکٹر راجح تامی البقامی سے ملاقات کے دوران یہ باتیں کہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم نے ان حملوں کی مذمت کی جن کے نتیجے میں پاکستانی شہریوں سمیت عام شہری جاں بحق اور زخمی ہوئے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب ہمیشہ ایک دوسرے کی حمایت کرتے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدہ اور مکہ مشترکہ دفاعی اتحاد دونوں ممالک کے دیرینہ تعلقات میں اہم سنگِ میل ہیں جو علاقائی امن وسلامتی کے لیے ان کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ چند برسوں کے دوران پاکستان اور سعودی عرب کے دوطرفہ تعلقات میں نمایاں پیشرفت ہوئی ہے۔ انہوں نے مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کے لیے موجودہ ادارہ جاتی نظام کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
انہوں نے پاکستان کے لیے سعودی قیادت کی دیرینہ اقتصادی اور مالی معاونت پر بھی شکریہ ادا کیا۔
شہباز شریف نے سعودی سفیر راجح تامی البقامی کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا، انہیں تقرری پر مبارک باد دی اور دونوں ممالک کے تعلقات مزید مستحکم بنانے کے لیے اسلام آباد کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
وزیراعظم نے سعودی سفیر کے لیے ان کی سفارتی ذمہ داریوں میں کامیابی کی نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔


Comments