پاکستان کی آئی ٹی برآمدات تاریخ کی دوسری بلند ترین سطح پر، ستمبر میں 43 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کا ریکارڈ
- مالی سال 2027 کی پہلی سہ ماہی میں آئی ٹی برآمدات 1 ارب 25 کروڑ ڈالر رہیں
وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے جمعے کے روز کہا ہے کہ ستمبر 2026 میں پاکستان کی آئی ٹی اور ٹیکنالوجی کی برآمدات بڑھ کر 43 کروڑ 50 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئیں، جو ماہانہ بنیاد پر اب تک کی دوسری بلند ترین سطح ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک پوسٹ میں خرم شہزاد نے بتایا کہ ستمبر کی برآمدات دسمبر 2025 میں قائم ہونے والے 43 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کے تاریخی ریکارڈ سے صرف 20 لاکھ ڈالر کم رہیں۔ آئی ٹی اور ٹیکنالوجی کی برآمدات میں سالانہ بنیاد پر 18 فیصد جبکہ ماہانہ بنیاد پر 10 فیصد اضافہ ہوا۔
انہوں نے کہا کہ مالی سال 2027 کی پہلی سہ ماہی (جولائی تا ستمبر) کے دوران آئی ٹی برآمدات کا مجموعی حجم 1 ارب 25 کروڑ ڈالر رہا، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں تقریباً 18 فیصد زیادہ ہے۔
خرم شہزاد نے برآمدات میں اضافے کا سہرا مالی سال 2027 کے بجٹ میں برآمد کنندگان، بالخصوص آئی ٹی شعبے کے لیے متعارف کرائی گئی مخصوص مراعات اور ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کو دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدامات برآمدات، قرض کے بغیر زرمبادلہ کی آمدن، زیادہ قدر کی حامل ملازمتوں کے مواقع اور پاکستان کے عالمی منڈیوں سے انضمام کے عمل کو تقویت دے رہے ہیں۔


Comments