انٹربینک مارکیٹ: ڈالر کے مقابلے میں روپیہ مزید تگڑا
- ڈالر کے مقابلے میں روپیہ 3 پیسے کی بہتری سے 276.92 روپے پر بند
انٹربینک مارکیٹ میں جمعرات کو بھی ڈالر کے مقابلے روپیہ مزید تگڑا ہوگیا۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے مقابلے میں روپیہ 3 پیسے کی بہتری سے 276.92 روپے پر بند ہوا۔
یاد رہے کہ بدھ کو مقامی کرنسی 276.95 روپے پر بند ہوئی تھی۔
عالمی کرنسی مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قدر 18 ماہ کی بلند ترین سطح سے نیچے آگئی حالانکہ امریکا میں افراطِ زر کے اعداد و شمار توقعات سے زیادہ رہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ڈالر انڈیکس 0.1 فیصد کمی کے بعد 102.06 پر آگیا جبکہ یورو 0.3 فیصد اضافے سے 1.1187 ڈالر اور برطانوی پاؤنڈ 0.2 فیصد بڑھ کر 1.3224 ڈالر کا ہوگیا۔
امریکی 10 سالہ ٹریژری بانڈ کی شرح منافع کم ہوکر تین ہفتوں کی کم ترین سطح 5.1267 فیصد پر آگئی، جس سے ڈالر پر دباؤ بڑھا۔
دوسری جانب آسٹریلوی ڈالر 0.3 فیصد کم ہوکر 0.6952 ڈالر، جاپانی ین 0.3 فیصد مضبوط ہوکر 157.82 فی ڈالر اور آف شور چینی یوآن 6.6916 فی ڈالر پر آگیا۔
سرمایہ کار اب امریکی پیداواری قیمتوں اور خوردہ فروخت کے اعدادوشمار کے منتظر ہیں۔


Comments