اے بی ایف ایوارڈز 2026: این بی پی نے سسٹین ایبل انفرااسٹرکچر انیشی ایٹو پاکستان ایوارڈ جیت لیا
- یہ ایوارڈ موبائل فون ٹاورز پر شمسی توانائی کے نظام کی تنصیب کے منصوبے کے لیے 85 کروڑ روپے کی مشترکہ مالی معاونت اور فراہمی میں بینک کے کردار کے اعتراف میں دیا گیا
نیشنل بینک آف پاکستان (این بی پی) نے ایشین بینکنگ اینڈ فنانس (اے بی ایف) کارپوریٹ اینڈ انویسٹمنٹ بینکنگ ایوارڈز 2026 میں سسٹین ایبل انفرااسٹرکچر انیشی ایٹو پاکستان ایوارڈ جیت لیا ہے۔ یہ ایوارڈ موبائل فون ٹاورز پر شمسی توانائی کے نظام کی تنصیب کے منصوبے کے لیے 85 کروڑ روپے کی مشترکہ مالی معاونت اور فراہمی میں بینک کے کردار کے اعتراف میں دیا گیا۔
سنگاپور میں منعقدہ تقریب میں پیش کیے گئے اس ایوارڈ کے ذریعے ایشیا بھر میں کارپوریٹ اور انویسٹمنٹ بینکنگ کے شعبے میں نمایاں کارکردگی، جدت اور اعلیٰ معیار کی خدمات کا اعتراف کیا گیا۔ این بی پی کو قابل تجدید توانائی کا حل فراہم کرنے والی کمپنی انفرا الیکٹرک (پرائیویٹ) لمیٹڈ (آئی ایف پی ایل) کو مشاورتی خدمات، مالیاتی انفرا اسٹرکچر کی تشکیل اور منصوبے کے لیے مالی معاونت فراہم کرنے پر یہ اعزاز دیا گیا ہے۔
منصوبے کے تحت این بی پی نے انفرا الیکٹرک (پرائیویٹ) لمیٹڈ (آئی ایف پی ایل) کیلئے 85 کروڑ روپے کی اسلامی مالیاتی سہولت کی فراہمی کیلئے مشاورتی خدمات فراہم کیں، مالیاتی انفرااسٹرکچر کو تشکیل دیا اور مالی معاونت کا انتظام کیا جس کا مقصد موبائل فون ٹاورز پر شمسی فوٹو وولٹک نظام کی تنصیب کے ذریعے صاف توانائی کا فروغ اور کاربن کے اخراج میں کمی کو ممکن بنانا ہے۔
ٹیلی مواصلاتی انفرااسٹرکچر کو ماحول دوست و توانائی کے لحاظ سے موثر بنانا اور قابل تجدید توانائی کے استعمال کو فروغ دینا بھی اس کے مقاصد میں شامل ہے۔
این بی پی کے ایس ای وی پی اور گروپ چیف، کارپوریٹ اینڈ انویسٹمنٹ بینکنگ گروپ عثمان شاہد نے کہا کہ ایشین بینکنگ اینڈ فنانس کی جانب سے دیا گیا یہ اعزاز پائیدار انفرااسٹرکچر کی ترقی میں این بی پی کے بڑھتے ہوئے کردار اور ایسے منصوبوں کے لیے سرمایہ فراہم کرنے کی کوششوں کا اعتراف ہے جو معاشی ترقی کے ساتھ ماحول کے تحفظ میں بھی معاون ثابت ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم اپنے صارفین اور شراکت داروں کے ساتھ مل کر ایسے مالیاتی حل متعارف کرانے کے لیے پُرعزم ہیں جو پاکستان کو پائیدار اور چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لیے مستحکم بنانے میں مدد دیں۔
یہ ایوارڈ پائیدار انفرااسٹرکچر کی ترقی، قابل تجدید توانائی کے فروغ اور کاربن کے اخراج میں کمی کے اقدامات کے لیے جدید مالیاتی حل فراہم کرکے سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے این بی پی کے عزم کو اجاگر کرتا ہے۔


Comments