پام آئل کے بلند ذخائر کے باعث قیمتوں میں کمی
- بینچ مارک فیوچر معاہدے کی قیمت 39 رنگٹ کمی کے بعد 4,598 رنگٹ فی میٹرک ٹن رہ گئی
ملائیشیا میں پام آئل کے فیوچر نرخ منگل کو گزشتہ سیشن میں معمولی اضافے کے بعد قدرے گرگئے کیونکہ ذخائر کی بلند سطح بدستور مارکیٹ پر دباؤ ڈال رہی ہے۔
برسا ملائیشیا ڈیریویٹوز ایکسچینج میں دسمبر کی ترسیل کے لیے پام آئل کے بینچ مارک فیوچر معاہدے کی قیمت 39 رنگٹ یعنی 0.84 فیصد کمی کے بعد 4,598 رنگٹ (1,125.86 ڈالر) فی میٹرک ٹن رہ گئی۔
سنگاپور میں قائم بروکریج ادارے اسٹون ایکس کے زرعی اجناس کے تجزیہ کار چیانگ کانگ وائی نے کہا کہ ستمبر میں پام آئل کے ذخائر سے متعلق مندی کے اعداد و شمار مارکیٹ میں پہلے ہی شامل ہو چکے ہیں، کیونکہ ملائیشین پام آئل بورڈ کے اعدادو شمار جاری ہونے سے پہلے اور بعد میں بھی قیمتیں کمزور رہی تھیں۔
ستمبر میں ملائیشیا میں پام آئل کے ذخائر بڑھ کر 35 لاکھ 10 ہزار میٹرک ٹن کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئے کیونکہ پیداوار تاریخ کی بلند ترین سطح پر رہی۔ ذخائر میں یہ اضافہ مارکیٹ کی توقعات سے زیادہ تھا اور اس نے سابقہ تمام ریکارڈ توڑ دیے۔
تاہم چیانگ کے مطابق اب اہم سوال یہ ہے کہ آیا اکتوبر میں بھی ذخائر میں اضافہ جاری رہ سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ذخائر کی سطح بلند رہنے کا امکان ہے لیکن ان میں اضافے کی رفتار سست ہونا شروع ہو جانی چاہیے۔
چیانگ نے مزید کہا کہ اگر پام آئل کی برآمدات 15 لاکھ ٹن سے زیادہ رہیں اور پیداوار تقریباً 20 لاکھ ٹن پر مستحکم ہو جائے تو نومبر تک ذخائر میں اضافے کی رفتار کم ہونا شروع ہو جانی چاہیے۔


Comments