پیٹرول 2 روپے 93 پیسے فی لیٹر سستا، ڈیزل 61 پیسے مہنگا
- نئی قیمتوں کا اطلاق منگل، 13 اکتوبر کیلئے موثر ہوگا
حکومت نے پیر کو پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے 93 پیسے فی لیٹر کمی کردی، جس کے بعد نئی قیمت 395 روپے 37 پیسے فی لیٹر ہوگئی۔ تاہم ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 61 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 396 روپے 85 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق منگل، 13 اکتوبر 2026 کیلئے ہوگا۔
پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے وفاقی حکومت کے پیٹرولیم قیمتوں کے تعین کے طریقۂ کار کے تحت پیٹرولیم مصنوعات کی ڈپو سے قیمتوں میں ردوبدل کیا ہے۔

اس سے قبل پیٹرول کی قیمت 398 روپے 30 پیسے فی لیٹر، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 396 روپے 24 پیسے فی لیٹر تھی۔
نظرثانی شدہ قیمتیں صرف 13 اکتوبر کے لیے مؤثر ہوں گی۔
پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق عالمی منڈی میں ہونے والی تبدیلیوں، بشمول پلیٹس نرخوں، پریمیم اور دیگر متعلقہ اخراجات میں اتار چڑھاؤ کے باعث قیمتوں میں ردوبدل کیا گیا۔
جمعے کو حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 66 پیسے فی لیٹر کمی کرکے 398 روپے 30 پیسے کردی تھی، جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 52 پیسے فی لیٹر اضافہ کرکے 396 روپے 24 پیسے فی لیٹر کردی گئی تھی۔
دوسری جانب، عالمی منڈی میں پیر کو تیل کی قیمتیں 2 فیصد بڑھ کر تقریباً دو ہفتوں کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں۔ سعودی عرب پر حملوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے روسی ڈیزل کی نئی برآمدات اور روس یوکرین توانائی تنصیبات پر حملے روکنے کے معاہدے کے اعلان کے بعد رسد بڑھنے کی توقعات کو پسِ پشت ڈال دیا۔
ابتدائی کمی کے بعد برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودوں کی قیمت صبح 11 بج کر 7 منٹ (امریکی مشرقی وقت) پر 2.04 ڈالر، یعنی 2 فیصد اضافے سے 106.76 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔ یہ 29 ستمبر کے بعد بلند ترین سطح تھی۔ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل کی قیمت بھی 1.84 ڈالر، یعنی 2 فیصد اضافے کے بعد 93.69 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔


Comments