نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے ایندھن سبسڈی اسکیم کی قومی اسٹیئرنگ کمیٹی اور میڈیا مینجمنٹ کمیٹی کے مشترکہ اجلاس کی صدارت کی۔
اجلاس میں ہدفی ایندھن سبسڈی اسکیم کی عملی صورتحال، مستحقین کے انتخاب کے طریقہ کار اور عملدرآمد کی حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا۔ اس کے علاوہ عوام میں اسکیم سے متعلق وسیع پیمانے پر آگاہی پیدا کرنے اور اس کی معلومات مؤثر انداز میں لوگوں تک پہنچانے کے لیے میڈیا رابطہ کاری کے منصوبے پر بھی غور کیا گیا۔
اسحاق ڈار نے وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق معاشرے کے مستحق طبقات کو ہدفی ایندھن ریلیف فراہم کرنے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا تاکہ عام شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جاسکے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ بین الصوبائی اور بین الوزارتی رابطہ کاری مؤثر بنائی جائے، اسکیم پر عمل درآمد بلاتعطل یقینی بنایا جائے، وسائل کی مؤثر تقسیم کی جائے اور عوامی آگاہی کے لیے جامع مہم چلائی جائے۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے صوبائی حکومتوں، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کی حکومتوں کے تعاون اور تجاویز کو سراہا۔
اجلاس میں وفاقی وزرائے موسمیاتی تبدیلی، پیٹرولیم اور انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونی کیشن، وزیر مملکت برائے خزانہ، معاون خصوصی برائے وزیراعظم طارق باجوہ، صوبائی حکومتوں، آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور متعلقہ وزارتوں کے سینئر حکام نے شرکت کی۔


Comments