آئی آر آئی ایس پورٹل کی خرابی، پی سی ڈی ایم اے کا ٹیکس ریٹرن کی تاریخ بڑھانے کا مطالبہ
- مسئلہ انفرادی شکایات کے ساتھ ساتھ اجتماعی طور پر پیش کی گئی درخواستوں کے ذریعے بھی بارہا پی آر اے ایل کی ٹیم کے علم میں لایا گیا ہے، ولی محمد
پاکستان کیمیکلز اینڈ ڈائز مرچنٹس ایسوسی ایشن (پی سی ڈی ایم اے) نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) سے مطالبہ کیا ہے کہ 30 ستمبر 2026 کو ختم ہونے والے ٹیکس سال کے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ میں ایک ماہ کی توسیع کی جائے کیونکہ آئی آر آئی ایس پورٹل مسلسل خرابی اور عدم استحکام کا شکار ہے۔
چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال کے نام خط میں پی سی ڈی ایم اے کے چیئرمین سلیم ولی محمد نے کہا کہ آئی آر آئی ایس پورٹل میں مسلسل تکنیکی مسائل کے باعث ٹیکس کنسلٹنٹس اور ٹیکس دہندگان کو مقررہ آخری تاریخ کے اندر ٹیکس گوشوارے جمع کرانے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ مسئلہ انفرادی شکایات کے ساتھ ساتھ اجتماعی طور پر پیش کی گئی درخواستوں کے ذریعے بھی بارہا پی آر اے ایل کی ٹیم کے علم میں لایا گیا ہے۔ تاہم اطلاعات کے مطابق آئی آر آئی ایس پورٹل ایک ہفتے سے زائد عرصے سے غیر فعال اور غیر مستحکم ہے جس کے باعث ٹیکس کنسلٹنٹس کے لیے اپنی قانونی ذمہ داریاں مقررہ وقت پر مکمل کرنا مشکل ہوگیا ہے۔
ولی محمد نے کہا کہ مسائل کے حل کے لیے بارہا درخواستیں کیے جانے کے باوجود صورتحال بدستور برقرار ہے جس کے باعث ٹیکس برادری کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر 2026


Comments