پہلی سہ ماہی، پی ایس ایکس میں 27.8 ارب روپے کے 3 ڈیبٹ انسٹرومنٹ لسٹ
- ڈیٹ کیپٹل مارکیٹ میں سرمایہ کاروں سے ایک مقررہ مدت کے لیے قرض حاصل کیا جاتا ہے
مالی سال 2026-27 کی پہلی سہ ماہی کے دوران بینکاری اور کارپوریٹ اداروں کی جانب سے مجموعی طور پر 27.8 بلین روپے (تقریباً 100.34 ملین ڈالر) مالیت کے تین نئے ڈیبٹ انسٹرمنٹس اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کی ڈیٹ مارکیٹ میں لسٹ کیے گئے۔
پی ایس ایکس نے منگل کو ایک نوٹس میں بتایا کہ فیصل بینک لمیٹڈ نے 7 ارب روپے مالیت کے ریٹڈ، غیر ضمانتی اور ماتحت سکوک ، بینک الفلاح لمیٹڈ نے 20 ارب روپے مالیت کے ریٹڈ، غیر ضمانتی اور ماتحت ٹائر-2 ٹرم فنانس سرٹیفکیٹس جبکہ الطہور لمیٹڈ نے 80 کروڑ روپے مالیت کے ریٹڈ اور ضمانتی سکوک لسٹ کیے ہیں۔
پی ایس ایکس نے بتایا کہ تینوں انسٹرمنٹس میں ثانوی مارکیٹ میں کاروبار شروع ہوچکا ہے جس سے کوالیفائیڈ انسٹی ٹیوشنل بائرز (کیو آئی بیز) کو پاکستان کی وسعت پذیر ڈیٹ کیپٹل مارکیٹ میں سرمایہ کاری کے لیے مختلف مواقع میسر آگئے ہیں جن میں روایتی اور شریعہ سے ہم آہنگ دونوں طرح کے مالیاتی ڈھانچے شامل ہیں۔
ڈیٹ کیپٹل مارکیٹ میں سرمایہ کاروں سے ایک مقررہ مدت کے لیے قرض حاصل کیا جاتا ہے جس کے عوض جاری کنندہ اس مدت کے دوران مقررہ یا متغیر شرح کے مطابق منافع ادا کرتا ہے۔ مدت پوری ہونے پر اصل رقم سرمایہ کار کو واپس کردی جاتی ہے۔


Comments