یونان کے فائر بریگیڈ کے ایک عہدیدار نے ہفتے کو بتایا کہ وسطی ایتھنز کے ایک سیاحتی علاقے میں دھماکے کے بعد رہائشی عمارت منہدم ہونے سے ایک خاتون ہلاک جبکہ 5 افراد لاپتا ہوگئے۔
جمعہ کو ہونے والے دھماکے سے ایتھنز کے علاقے پلاکا میں دو منزلہ عمارت تباہ ہوگئی جو ایکروپولس اور ٹیمپل آف زیوس سمیت شہر کے سب سے زیادہ سیاحوں کی جانب سے دیکھے جانے والے مقامات کے قریب واقع ہے۔ دھماکے کے نتیجے میں 3 افراد زخمی ہوئے جبکہ گھروں، دکانوں اور گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔
فائر بریگیڈ کے عہدیدار نے بتایا کہ ریسکیو کتوں کی مدد سے امدادی ٹیمیں ایک اپارٹمنٹ میں رہنے والے معمر جوڑے اور دوسرے اپارٹمنٹ میں مقیم 4 سیاحوں کی تلاش میں مصروف تھیں۔ ہفتے کی صبح عمارت کے ملبے سے ایک نوجوان خاتون کی لاش برآمد ہوئی جبکہ عمارت ملبے کے ڈھیر میں تبدیل ہوچکی تھی۔
پولیس عہدیدار نے بتایا کہ ان سیاحوں جن کی قومیتوں کی فوری طور پر تصدیق نہیں ہوسکی کو جمعہ کی سہ پہر 3 بجے ایتھنز ایئرپورٹ سے پرواز پکڑنے کے لیے ہوٹل سے چیک آؤٹ کرنا تھا، تاہم وہ وہاں نہیں پہنچے۔
فوری طور پر یہ واضح نہیں ہوسکا کہ متعدد ہوٹلوں اور قلیل مدتی کرائے کی رہائش گاہوں والے علاقے میں دھماکا کس وجہ سے ہوا۔ ایتھنز کے میئر حاریس دوکاس نے جمعہ کو کہا تھا کہ ممکنہ طور پر یہ واقعہ گیس کے بنیادی ڈھانچے سے منسلک ہے۔


Comments