انٹربینک مارکیٹ: ڈالر کے مقابلے میں روپیہ مزید بہتر
- ڈالر کے مقابلے میں روپیہ 3 پیسے کی بہتری سے 277.22 روپے پر بند
انٹربینک مارکیٹ میں پیر کو بھی ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں بہتری کا سلسلہ جاری رہا۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے مقابلے میں روپیہ 3 پیسے کی بہتری سے 277.22 روپے پر بند ہوا۔
یاد رہے کہ جمعہ کو مقامی کرنسی 277.25 روپے پر بند ہوئی تھی۔
عالمی کرنسی مارکیٹ میں پیر کو سرمایہ کاروں کی توجہ جاپانی ین پر مرکوز رہی، جو گزشتہ ہفتے 2 فیصد کمی کے بعد دباؤ کا شکار ہے۔ ین میں تیزی سے کمی کے باعث ٹوکیو کی جانب سے شرحِ سود سے متعلق جانچ اور ممکنہ کرنسی مداخلت کے امکانات پر قیاس آرائیاں جاری ہیں۔
ین معمولی بہتری کے ساتھ 156.64 فی ڈالر پر آگیا جبکہ جاپانی مارکیٹیں تین روزہ تعطیلات کے باعث بند رہیں۔ کم کاروباری حجم کے دوران سرمایہ کار ممکنہ سرکاری مداخلت پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔
دوسری جانب امریکی فیڈرل ریزرو اور یورپی مرکزی بینک نے بھی رواں ماہ شرحِ سود میں اضافہ کیا اور مہنگائی سے نمٹنے کے لیے مزید سخت اقدامات کا امکان ظاہر کیا۔
ڈالر انڈیکس 100.23 پر مستحکم رہا جبکہ گزشتہ ہفتے فیڈ کے شرحِ سود میں اضافے کے بعد اس میں ایک فیصد سے زائد اضافہ ہوا تھا۔


Comments