ڈالر کے مقابلے میں روپے کی پیش قدمی جاری
- کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے مقابلے میں روپیہ ایک پیسے کی بہتری سے 277.31 روپے پر بند
انٹربینک مارکیٹ میں پیر کو ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے مقابلے میں روپیہ ایک پیسے کی بہتری سے 277.31 روپے پر بند ہوا۔
یاد رہے کہ جمعہ کو مقامی کرنسی 277.32 روپے پر بند ہوئی تھی۔
ادھر عالمی مالیاتی منڈی میں پیر کو ڈالر کی قدر مستحکم رہی جبکہ ین اپنی حالیہ تیز رفتار بہتری برقرار رکھتے ہوئے 7 ماہ کی بلند ترین سطح کے قریب رہا۔
یورپی مرکزی بینک نے گزشتہ ہفتے شرح سود میں اضافہ کیا اور مزید اضافے کا عندیہ دیا۔ اب سرمایہ کاروں کی نظریں بدھ کو ہونے والے امریکی فیڈ کے اجلاس اور جمعہ کو بینک آف جاپان کے متوقع شرح سود اضافے پر ہیں۔ بینک آف انگلینڈ سے جمعرات کو شرح سود برقرار رکھنے کی توقع ہے، تاہم ووٹنگ سخت ہونے کا امکان ہے۔
جمعہ کو جاری اعداد و شمار میں امریکی صارف قیمتوں میں اگست کے دوران تیزی ظاہر ہونے کے بعد سرمایہ کاروں نے فیڈ کی شرح سود میں اضافے کے امکانات بڑھا دیے۔ سی ایم ای فیڈ واچ کے مطابق رواں ہفتے شرح سود میں اضافے کا امکان 86 فیصد تک پہنچ گیا ہے۔
یورو حالیہ طور پر 1.159 ڈالر جبکہ پاؤنڈ 1.3524 ڈالر پر رہا۔ ڈالر انڈیکس 99.15 پر مستحکم رہا۔
ادھر ین 153.49 فی ڈالر پر تھا اور گزشتہ ہفتے کی 152.89 کی 7 ماہ کی بلند ترین سطح کے قریب رہا۔ ین رواں ماہ اب تک تقریباً 4 فیصد مضبوط ہوچکا ہے۔


Comments