سعودی عرب پر حوثیوں کے حملے، پاکستان کی شدید مذمت
- اسلام آباد نے ان حملوں کو سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا
پاکستان نے سعودی عرب کے شہر ابہا، خمیس مشیط، جازان اور نجران میں شہری و اقتصادی تنصیبات پر حوثی ملیشیا کے حملوں کی شدید مذمت کی۔
وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں پاکستان نے ان حملوں کو سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی ’’کھلی خلاف ورزی‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ حملے علاقائی امن و استحکام کے لیے خطرہ ہیں اور یمن کے تنازع کے پائیدار حل کی کوششوں کو نقصان پہنچاتے ہیں۔
پاکستان نے سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت، سلامتی اور خوشحالی کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے سعودی قیادت، حکومت اور عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ پاکستان نے حملوں میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
بیان میں کہا گیا کہ اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کے مطابق پاکستان سعودی عرب کے اپنے علاقے کے دفاع، شہریوں اور مقیم افراد کے تحفظ اور قومی اثاثوں کو کسی بھی خطرے سے محفوظ رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کے جائز حق کی مکمل حمایت کرتا ہے۔
پاکستان نے مزید کہا کہ وہ خطے میں پائیدار امن و استحکام کے قیام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔


Comments