جاپانی وزیراعظم کابینہ میں ردوبدل کے بعد بھی وزیر خزانہ برقرار رکھیں گی
- جاپانی حکومت اس وقت امریکا کے ساتھ زرمبادلہ سے متعلق مذاکرات کر رہی ہے
جاپان کی وزیراعظم ثانائی تاکائیچی رواں ماہ کے آخر میں متوقع کابینہ میں ردوبدل کے دوران وزیر خزانہ ساتسوکی کاتایاما کو ان کے عہدے پر برقرار رکھیں گی۔ حکومت کے معاملے سے باخبر 4 افراد نے بتایا کہ اس فیصلے سے مالیاتی پالیسی میں تسلسل کو ترجیح دینے کا اشارہ ملتا ہے۔
جاپانی حکومت اس وقت امریکا کے ساتھ زرمبادلہ سے متعلق مذاکرات کر رہی ہے جبکہ خوراک پر کھپت ٹیکس میں نمایاں کمی کے منصوبے کو آگے بڑھانے کی تیاری بھی جاری ہے۔
سابق وزارت خزانہ کی بیوروکریٹ کاتایاما نے امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ کے ساتھ جولائی کے آخر میں ہونے والی مشترکہ امریکا جاپان ین مداخلت پر مذاکرات میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ اس اقدام نے دونوں ممالک کے درمیان قریبی مالیاتی تعاون کو اجاگر کیا۔
حکومتی ذرائع کے مطابق وزیراعظم تاکائیچی کاتایاما کے کردار اور بیسنٹ کے ساتھ ان کے قریبی تعلق کو اہمیت دیتی ہیں۔ ایک ذریعے نے کہا کہ ایسے وقت میں کاتایاما کو ہٹانا، جب بیسنٹ نے جاپان پر دباؤ بڑھایا ہے، مارکیٹ میں غلط تاثر پیدا کر سکتا ہے۔
کاتایاما نے گزشتہ ماہ بتایا تھا کہ وہ بیسنٹ کے ساتھ آن لائن ملاقاتوں سمیت تقریباً 10 مرتبہ بات چیت کر چکی ہیں۔
ماہرین اقتصادیات کے مطابق کاتایاما کی جگہ کسی ایسے شخص کو لایا گیا جسے کمزور ین یا حکومتی بانڈز کی بڑھتی ہوئی شرحوں کے خطرات سے کم فکر مند سمجھا گیا تو اس سے مالیاتی منڈیوں میں بے یقینی پیدا ہو سکتی ہے۔


Comments