پنجاب نے اپنی چھت اپنا گھر اسکیم کے قرضوں کا ہدف دگنا کردیا
- اب تک 243 ارب روپے سے زائد کے قرضے جاری کیے جاچکے، بلال یاسین
پنجاب حکومت نے رواں مالی سال کے لیے اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت بلاسود ہاؤسنگ قرضوں کا ہدف دگنا کردیا جبکہ اب تک 243 ارب روپے سے زائد کے قرضے جاری کیے جاچکے ہیں۔
یہ انکشاف صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین کی زیر صدارت بلاسود قرضوں کی فراہمی سے متعلق اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی (پھاٹا) کے ڈی جی سکندر ذیشان، اربن یونٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عمر مسعود، بینک آف پنجاب اور مائیکروفنانس اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر بلاسود قرضوں کی فراہمی کا ہدف دگنا کردیا گیا ہے۔ درخواستوں کی ریکارڈ تعداد کے پیش نظر رواں مالی سال کے دوران قرضوں کی تقسیم کا ہدف دوگنا کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ پنجاب حکومت نے مختصر مدت میں 243 ارب روپے سے زائد کے بلاسود قرضے جاری کرکے ایک منفرد ریکارڈ قائم کیا ہے۔ مزید بتایا گیا کہ منظور شدہ قرضوں کی تعداد 2 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ 114,237 گھروں کی تعمیر مکمل ہوچکی ہے اور 45,254 مکانات زیر تعمیر ہیں۔
اس موقع پرصوبائی وزیر نے اے سی اے جی کے تحت زیر التوا ادائیگیاں فوری جاری کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے نگرانی کے نظام کو مزید بہتر بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ قرضوں کی فراہمی میں غیر ضروری تاخیر سے متعلق شکایات پر فوری کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پروگرام کا بنیادی مقصد مستحق خاندانوں کو باعزت اور محفوظ چھت فراہم کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلاسود قرضوں کے ذریعے بے گھر خاندانوں کے لیے اپنے گھر تعمیر کرنا آسان ہوگیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے سرکاری وسائل کا رخ عوامی خدمت اور فلاحی منصوبوں کی جانب موڑ دیا ہے۔‘‘


Comments