ریئل میڈرڈ نے بند دروازوں کے پیچھے مورینہو کو باضابطہ طور پر پیش کردیا
- مورینہو نے ریئل میڈرڈ میں واپسی کو ’’گھر واپسی‘‘ قرار دیتے ہوئے 2029 تک معاہدے پر دستخط کردیے، ان کا مقصد ادھورے کام کو مکمل کرنا اور کلب میں فاتحانہ ثقافت بحال کرنا ہے
جوزے مورینہو کی ریئل میڈرڈ میں واپسی کا عمل کئی ہفتے پہلے ہی شروع ہوچکا تھا، تاہم منگل کو کلب نے تربیتی مرکز میں ایک سادہ سی تقریب کے دوران ان کی واپسی کو باضابطہ بنا دیا۔ یہ واپسی اپنے ساتھ پرانی یادیں، خطرات اور ادھورے کام کی تکمیل کا چیلنج لیے ہوئے ہے۔
پرتگالی کوچ نے 10 جولائی کو پری سیزن کی تیاریوں کے آغاز کے ساتھ ہی ٹیم کے ساتھ کام شروع کردیا تھا۔ انہوں نے کلب کے صدر فلورینتینو پیریز اور اعزازی صدر خوسے مارٹینیز پیری کے ہمراہ سیوداد ریئل میڈرڈ کے بورڈ روم میں جون 2029 تک معاہدے پر دستخط کیے۔
شاندار تقریبات کا عادی ریئل میڈرڈ اس بار خاموشی سے مورینہو کا خیرمقدم کر رہا تھا اور شاید یہی خاموشی سب سے بڑا پیغام بھی تھی۔
ریئل میڈرڈ مسلسل دو سال ٹرافی سے محروم رہنے کے بعد نئی لا لیگا سیزن میں داخل ہو رہا ہے۔ حال ہی میں دوبارہ صدر منتخب ہونے والے پیریز کو بھی ماضی کی طرح ناقابلِ تنقید حیثیت حاصل نہیں رہی اور بے صبر شائقین کی جانب سے ان پر دباؤ بڑھتا جا رہا ہے۔
مورینہو نے اپنی واپسی کو محض ایک ملازمت سے کہیں بڑھ کر قرار دیا۔
مورینہو نے کلب کے سرکاری ٹی وی چینل کو بتایا، ’’یہ گھر واپسی ہے۔ جذباتی طور پر یہ پہلی بار سے بھی بہتر ہے، کیونکہ اس وقت دنیا کی بلندیوں تک پہنچنے کا احساس تھا، جبکہ اب اس واپسی میں زیادہ جذبات اور دل کی کیفیت شامل ہے۔‘‘
’’میں آپ ہی میں سے ایک ہوں، ہمیشہ سے رہا ہوں، اور آپ تصور کرسکتے ہیں کہ ریئل میڈرڈ کے لیے کام کرنا میرے لیے کیا معنی رکھتا ہے۔ ہر شخص کو اس اصول کی پیروی کرنی چاہیے: ریئل میڈرڈ کے لیے کام کرنا، جس کا مطلب ہے آپ کے لیے کام کرنا۔‘‘
مورینہو اس سے قبل 2010 سے 2013 تک ریئل میڈرڈ کے کوچ رہ چکے ہیں۔ ان کے اس دور میں کلب نے لا لیگا، کوپا ڈیل رے اور ہسپانوی سپر کپ جیتا، تاہم یہ عرصہ تنازعات، ٹرافیوں اور کلب پر دیرپا اثرات کے حوالے سے بھی یادگار رہا۔
اب وہ بینفیکا سے واپسی پر ریئل میڈرڈ کی قیادت سنبھال رہے ہیں، جبکہ پیریز نے حالیہ برسوں کی سب سے جارحانہ ٹرانسفر ونڈوز میں سے ایک کی نگرانی کرتے ہوئے یان دیومانڈے، مارک کوکوریا، برنارڈو سلوا، ابراہیم کوناتے، ڈینزل ڈمفریز اور کارلوس ایسپی کو کلب میں شامل کیا ہے۔ اس کے علاوہ ونگر وینیسیئس جونیئر کے ساتھ طویل عرصے سے متوقع کئی سالہ معاہدے میں توسیع بھی کی گئی ہے۔
توقع ہے کہ ان نئے کھلاڑیوں کو بھی آئندہ چند روز میں نجی تقریبات کے دوران متعارف کرایا جائے گا، جس کے لیے مورینہو کی باضابطہ پیشکش کی طرح بند دروازوں کا طریقہ اختیار کیا جائے گا۔
یہ حکمتِ عملی ظاہر کرتی ہے کہ کلب ہفتے کو بارسلونا میں اسپانیول کے خلاف لا لیگا کے افتتاحی میچ سے قبل خود کو غیر ضروری توجہ اور دباؤ سے محفوظ رکھنا چاہتا ہے۔
مورینہو نے کہا کہ ان کا مقصد ذاتی شہرت حاصل کرنا نہیں بلکہ کلب کے معیار اور روایات کو دوبارہ بلند کرنا ہے۔
انہوں نے کہا، ’’صرف الفاظ کافی نہیں… کیونکہ یہ ایک مشن کی طرح ہے۔ میں یہاں ہر ایک کو بہتر بنانے میں مدد دینے آیا ہوں: کھلاڑیوں اور اسٹاف کو… محنت، ذمہ داری، بلند عزائم اور اس چیز کی ثقافت پیدا کرنے کے لیے جس سے میں بخوبی واقف ہوں، یعنی ریئل میڈرڈ کے لیے کام کرنے کی ذمہ داری اور اعزاز۔‘‘
کبھی ’’دی اسپیشل ون‘‘ کے نام سے مشہور مورینہو 11 سال سے لیگ ٹائٹل اور چار سال سے کسی ٹرافی کے بغیر ریئل میڈرڈ میں واپس آئے ہیں، جہاں انہیں خود کو ثابت کرنے کے لیے ایک بار پھر سخت امتحان کا سامنا ہے۔


Comments