مکہ دفاعی معاہدہ اور یومِ آزادیِ پاکستان: خواب کی تعبیر، نئی منزل کا آغاز
- یومِ آزادی محض جشن نہیں بلکہ عزم کا اعلان ہے۔ پاکستان اب صرف تاریخ کا بچ جانے والا کردار نہیں بلکہ اپنی تقدیر کی تشکیل کرنے والی قوت ہے؛ ایسا ملک جو امکانات کو احتیاط، طاقت کو دانائی اور خودمختاری کو یکجہتی کے ساتھ متوازن کرنے کے لیے تیار ہے۔
پاکستان جب اپنا یومِ آزادی منا رہا ہے تو سبز ہلالی پرچم محض نوآبادیاتی حکمرانی سے چھینی گئی آزادی کی یادگار کے طور پر نہیں لہرا رہا بلکہ عزم، قربانی اور دوراندیشی کی ایک زندہ علامت بن کر بلند ہے۔
اس سال یومِ آزادی کی تقریبات کو تاریخی مکہ دفاعی معاہدے نے مزید معنویت عطا کردی ہے۔ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان طے پانے والا یہ سہ فریقی معاہدہ اسلام کے مقدس ترین شہر میں طے پایا، جو مسلم یکجہتی اور اجتماعی سلامتی کے ایک نئے باب کی علامت ہے اور جس میں پاکستان کو مرکزی حیثیت حاصل ہے۔ اس معاہدے کی اہمیت کو سمجھنے کے لیے پاکستان کی 1947ء کے بعد کی ان کامیابیوں کو پیش نظر رکھنا ہوگا جنہوں نے عالمی سطح پر اس کی حیثیت ازسرِنو متعین کی، جن میں جوہری صلاحیت، عسکری کامیابیاں اور سفارتی پیش رفت نمایاں ہیں۔
جوہری صلاحیت: دفاعی بازداریت کی بنیاد
پاکستان کا جوہری پروگرام، جو علاقائی رقابتوں کے سائے میں ضرورت کے تحت وجود میں آیا، آج بھی اس کے دفاعی نظریے کا بنیادی ستون ہے۔ 1998ء کے کامیاب جوہری تجربات محض تکنیکی کامیابی نہیں تھے بلکہ خودمختاری کا اعلان تھے کہ جنوبی ایشیا کے سلامتی کے منظرنامے میں پاکستان کو دوبارہ کبھی دباؤ میں نہیں لایا جاسکے گا اور نہ ہی نظرانداز کیا جاسکے گا۔
جوہری صلاحیت نے اسلام آباد کو تزویراتی توازن فراہم کیا، جارحیت کو روکنے میں مدد دی اور اسے مضبوط پوزیشن سے مذاکرات کی صلاحیت بخشی۔ یومِ آزادی پر یہ کامیابی یاد دلاتی ہے کہ آزادی کا تحفظ صرف نظریات سے نہیں بلکہ قابلِ اعتبار دفاعی بازداریت سے بھی ہوتا ہے۔
2025ء کی فتح: ایک فیصلہ کن لمحہ
2025ء میں بھارت کے خلاف شاندار فتح محض میدانِ جنگ کی کامیابی نہیں تھی بلکہ پاکستان کی تیاری، حوصلے اور قومی یکجہتی کی توثیق بھی تھی۔ ایسے تنازع میں جس نے برداشت اور عزم کا امتحان لیا، پاکستان کی مسلح افواج نے غیر معمولی عسکری مہارت کا مظاہرہ کیا جبکہ پوری قوم یکجا ہوکر کھڑی ہوگئی۔
اس فتح نے اعتماد بحال کیا، شکوک و شبہات دور کیے اور واضح کردیا کہ پاکستان کی دفاعی پوزیشن محض دعووں تک محدود نہیں بلکہ حقیقت پر مبنی ہے۔ اب یومِ آزادی کی تقریبات میں اس قوم کا فخر بھی شامل ہے جس نے انتہائی مشکل حالات میں اپنی خودمختاری کا دفاع کیا اور ثابت کیا کہ استقامت اس کے قومی مزاج میں رچی بسی ہے۔
سفارتی کامیابی: ایران اور امریکا کے درمیان ثالث
اتنی ہی اہم پاکستان کی سفارتی ارتقا کی کہانی ہے۔ کبھی عالمی سیاست میں ایک ثانوی کردار تصور کیا جانے والا اسلام آباد اب عالمی بحرانوں میں ایک قابلِ اعتبار ثالث کے طور پر ابھرا ہے۔ ایران اور امریکا کے درمیان، جو طویل عرصے سے شدید کشیدگی میں مبتلا دو حریف ہیں، مذاکرات میں پاکستان کا کردار ایک اہم سنگِ میل تھا۔
پسِ پردہ مذاکرات اور اعتماد سازی کے اقدامات میں سہولت کاری کے ذریعے پاکستان نے ثابت کیا کہ اس کی تزویراتی جغرافیائی حیثیت اور تاریخی تعلقات کو صرف طاقت کے لیے نہیں بلکہ امن کے فروغ کے لیے بھی بروئے کار لایا جاسکتا ہے۔ یہ سفارتی کامیابی کوئی اتفاق نہیں تھی بلکہ مکہ دفاعی معاہدے کی بنیاد فراہم کرنے والی پیش رفت تھی، جس کا تصور مذاکرات، بازداریت اور مشترکہ ذمہ داری پر مبنی اجتماعی سلامتی کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔
مکہ دفاعی معاہدہ: وعدہ بھی، ذمہ داری بھی
مکہ میں طے پانے والا یہ معاہدہ علامتی اور عملی، دونوں اعتبار سے تاریخی اہمیت رکھتا ہے۔ یہ محض مفاداتی اتحاد سے آگے بڑھ کر روحانی اور تزویراتی ہم آہنگی کی عکاسی کرتا ہے۔ پاکستان کے لیے اس کے کئی فوائد ہیں: دفاعی تعاون میں اضافہ، جدید ٹیکنالوجی تک رسائی اور علاقائی سلامتی کے ڈھانچے کی تشکیل میں کردار ادا کرنے کا موقع۔
تاہم اس کے ساتھ ذمہ داریاں بھی وابستہ ہیں۔ اجتماعی دفاع کا مطلب اجتماعی خطرہ بھی ہے۔ پاکستان کو یکجہتی اور دانش مندی کے درمیان توازن برقرار رکھنا ہوگا تاکہ اس کی ذمہ داریاں اسے ایسے تنازعات میں نہ الجھائیں جو علاقائی استحکام کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔ یہ معاہدہ ایک وعدہ بھی ہے اور امتحان بھی—پاکستان کی اس صلاحیت کا کہ وہ عسکری قوت کو سفارتی بصیرت کے ساتھ ہم آہنگ کرسکے۔
یومِ آزادی کا تناظر
اس پس منظر میں یومِ آزادی محض پریڈوں اور تقاریر کی رسمی تقریب نہیں۔ یہ غوروفکر کا موقع ہے: 1947ء کی قربانیوں، لڑی جانے والی جنگوں کی آزمائشوں، جوہری بازداریت کی کامیابی اور سفارتی پیش رفت پر سوچنے کا موقع۔ یہ تجدیدِ عہد کا لمحہ بھی ہے، جب پاکستان مکہ معاہدے کے ذریعے مسلم یکجہتی کے مرکز میں اپنی جگہ بنا رہا ہے۔
چنانچہ 14 اگست کو بلند ہونے والا پرچم صرف ماضی کی جدوجہد کی علامت نہیں بلکہ مستقبل کی امنگوں کا استعارہ بھی ہے—ایسا پاکستان جو محفوظ، باوقار اور علاقائی امن کی تشکیل میں ناگزیر کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہو۔
درپیش چیلنجز
تاہم جشن کے جذبے کو حقیقت پسندی سے متوازن رکھنا ہوگا۔ پاکستان کو معاشی کمزوریوں، سیاسی کشمکش اور بیرونی ذمہ داریوں کو ملکی ترجیحات کے ساتھ ہم آہنگ کرنے کے مستقل چیلنج کا سامنا ہے۔ مکہ دفاعی معاہدہ اگرچہ امکانات سے بھرپور ہے، تاہم دانش مندی سے نہ سنبھالا گیا تو اسلام آباد کو ایسے تنازعات میں الجھا سکتا ہے جو اس کے لیے نقصان دہ ہوں۔
اسی طرح سفارتی ثالثی کے لیے مسلسل اعتبار ضروری ہے۔ پاکستان کو جانبداری سے گریز اور غیر جانب دارانہ حیثیت برقرار رکھنا ہوگی تاکہ اس پر اعتماد قائم رہے۔ لہٰذا یومِ آزادی یہ یاد دہانی بھی ہے کہ آزادی کوئی جامد شے نہیں؛ اسے چوکسی، اصلاحات اور دوراندیشی کے ذریعے مسلسل مضبوط کرنا پڑتا ہے۔
اختتامیہ: صبحِ آزادی کی تعبیر
پاکستان جب آزادی کی ایک اور سالگرہ منا رہا ہے تو عسکری کامیابیوں، جوہری بازداریت، سفارتی فتوحات اور مکہ دفاعی معاہدے کا امتزاج ایک نئے پاکستان کی تصویر پیش کرتا ہے۔ تقسیم کے کٹھن مرحلے سے بازداریت اور سفارت کاری کی کامیابیوں تک پاکستان کا سفر دشوار بھی رہا اور حوصلہ افزا بھی۔
پاکستان کی ایران اور امریکا کے درمیان ثالثی کے نتیجے میں وجود میں آنے والا یہ معاہدہ ایک اختتام بھی ہے اور ایک نئی ابتدا بھی—دہائیوں پر محیط عالمی سطح پر اپنی شناخت منوانے کی جدوجہد کا نقطۂ عروج اور اجتماعی سلامتی کے ضامن کے طور پر ایک نئے کردار کا آغاز۔
فیض احمد فیض نے کبھی کہا تھا: ’’یہ داغ داغ اجالا، یہ شب گزیدہ سحر‘‘۔ آج پاکستان اس مایوسی کو رد کرسکتا ہے۔ صبح طلوع ہوچکی ہے—محض ایک خواب یا خوش فہمی کی صورت میں نہیں بلکہ حقیقت کی شکل میں۔
لہٰذا یومِ آزادی محض جشن نہیں بلکہ عزم کا اعلان ہے۔ پاکستان اب صرف تاریخ کا بچ جانے والا کردار نہیں بلکہ اپنی تقدیر کی تشکیل کرنے والی قوت ہے؛ ایسا ملک جو امکانات کو احتیاط، طاقت کو دانائی اور خودمختاری کو یکجہتی کے ساتھ متوازن کرنے کے لیے تیار ہے۔
بلند لہراتا سبز ہلالی پرچم اعلان کرتا ہے کہ پاکستان کی آزادی صرف محفوظ ہی نہیں، بلکہ نئے دور کے چیلنجز کے لیے ازسرِنو مستحکم، نئے مفہوم سے ہم آہنگ اور مزید مضبوط بھی کی جارہی ہے۔
نوٹ: ضروری نہیں کہ مضمون بزنس ریکارڈر یا اس کے مالکان کی رائے کی عکاسی کرے۔


Comments