یو بی جی کا بڑھتے تجارتی خسارے پر تشویش کا اظہار
- درآمدی ادائیگیاں تقریباً 18 فیصد اضافے کے ساتھ 6.89 ارب امریکی ڈالر تک پہنچ گئیں، زبیر طفیل
یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) کے صدر اور فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے سابق صدر زبیر طفیل نے جولائی 2026 کے پاکستان کے تجارتی اعدادوشمار پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کا تجارتی خسارہ 25 فیصد سے زائد اضافے کے ساتھ 3.95 ارب امریکی ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگرچہ ماہانہ بنیادوں پر تجارتی خسارے میں تقریباً 15 فیصد کمی واقع ہوئی ہے، تاہم درآمدات میں مسلسل اضافہ اس بات کی نشان دہی کرتا ہے کہ پاکستان کی معیشت اب بھی درآمدی اشیاء اور توانائی پر شدید انحصار کرتی ہے۔
زبیر طفیل نے کہا کہ جولائی 2026 کے دوران درآمدی ادائیگیاں تقریباً 18 فیصد اضافے کے ساتھ 6.89 ارب امریکی ڈالر تک پہنچ گئیں جب کہ برآمدی آمدنی میں بھی تقریباً 10 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
ان کے مطابق معاشی سرگرمیوں میں بحالی نے صنعتی خام مال، مشینری اور دیگر ضروری اشیاء کی طلب کو بلند سطح پر رکھا جس کے نتیجے میں درآمدات میں اضافہ ہوا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مشرق وسطیٰ میں جغرافیائی سیاسی کشیدگی کی وجہ سے عالمی توانائی کی قیمتوں میں اضافے نے درآمدی بل کو بڑھانے میں نمایاں کردار ادا کیا۔


Comments