گڈ گورننس ہی پائیدار استحکام کی ضمانت ہے، فیصل معیز خان
- ڈی جی آئی ایس پی آر کا حالیہ مؤقف زمینی حقائق کی عکاسی کرتا ہے، صدر نکاٹی
نارتھ کراچی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (نکاٹی) کے صدر فیصل معیز خان نے کہا ہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کا حالیہ مؤقف زمینی حقائق کی عکاسی کرتا ہے اور دہشت گردی جیسے سنگین چیلنج سے نمٹنے کے لیے صرف فوجی کارروائیاں نہیں بلکہ مؤثر طرزِ حکمرانی، مضبوط ریاستی ادارے اور عوامی اعتماد بھی ناگزیر ہیں۔
اپنے بیان میں فیصل معیز خان نے کہا کہ ملک کو درپیش سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے جامع قومی حکمتِ عملی اختیار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مضبوط گورننس ہی امن، معاشی استحکام اور قومی ترقی کی بنیاد ہے جبکہ شفافیت، قانون کی بالادستی، احتساب، عوامی خدمت اور مؤثر انتظامی نظام کے ذریعے نہ صرف دہشت گردی بلکہ دیگر قومی مسائل پر بھی مؤثر انداز میں قابو پایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں پر زور دیا کہ وہ عوامی فلاح، ادارہ جاتی اصلاحات اور گورننس کو بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات کریں تاکہ ریاستی اداروں پر عوام کا اعتماد مزید مستحکم ہو اور ترقی کا عمل تیز ہو سکے۔
نکاٹی کے صدر نے کہا کہ ریاست سے وفاداری ہر شہری کا آئینی، قومی اور اخلاقی فریضہ ہے۔ موجودہ حالات میں پوری قوم کو سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر ملکی سلامتی، معاشی استحکام اور قومی یکجہتی کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ صنعتکار، تاجر، سول سوسائٹی اور تمام قومی اداروں کی مشترکہ کاوشوں سے ہی پاکستان کو ایک مضبوط، مستحکم اور خوشحال ریاست بنایا جا سکتا ہے۔
فیصل معیز خان نے کہا کہ قیامِ پاکستان کے بعد آبادی میں کئی گنا اضافہ ہو چکا ہے، اس لیے بہتر انتظامی ڈھانچے، مؤثر عوامی خدمات اور گڈ گورننس کے فروغ کے لیے نئے صوبوں کے قیام پر سنجیدگی سے غور کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ انتظامی اصلاحات کے ذریعے عوام کو بہتر سہولیات، تیز رفتار فیصلہ سازی اور متوازن علاقائی ترقی کے ثمرات فراہم کیے جا سکتے ہیں۔


Comments