لیفٹیننٹ جنرل عامر رضا کی فور اسٹار جنرل کے عہدے پر ترقی، کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ مقرر
- شہباز شریف کی عامر رضا کو نئی ذمہ داری سنبھالنے پر مبارکباد ، نیک خواہشات کا اظہار
وزیراعظم شہباز شریف نے لیفٹیننٹ جنرل عامر رضا کو فور سٹار جنرل کے عہدے پر ترقی دیتے ہوئے انہیں کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ مقرر کیا ہے۔
وزیراعظم نے جنرل عامر رضا کو ترقی اور نئی ذمہ داری سنبھالنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ جنرل عامر رضا اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور وسیع تجربے سے اس اہم قومی ذمہ داری کو مؤثر انداز میں نبھائیں گے۔
یہ پیشرفت چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو پانچ سال کی مدت کے لیے پہلے چیف آف ڈیفنس فورسز (سی ڈی ایف) کے طور پر مقرر کیے جانے کے چھ ماہ سے زائد عرصے بعد سامنے آئی ہے۔
چیف آف ڈیفنس فورسز (سی ڈی ایف) کا عہدہ آئین کی 27 ویں آئینی ترمیم کے تحت قائم کیا گیا جس نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی (سی جے سی ایس سی) کے ختم کیے گئے عہدے کی جگہ لے لی۔ یہ عہدہ باضابطہ طور پر 27 نومبر 2025 کو ختم کر دیا گیا تھا۔
نظرثانی شدہ ڈھانچے کے تحت چیف آف ڈیفنس فورسز (سی ڈی ایف) کا عہدہ دوہری ذمہ داریوں پر مشتمل ہے جس میں سابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور چیف آف آرمی اسٹاف دونوں عہدوں کی ذمہ داریاں یکجا کر دی گئی ہیں۔
نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ (این ایس سی) کے کمانڈر کی تقرری بھی ایک اہم پیش رفت ہے جو اس وقت سے زیرِ غور تھی۔ یہ نیا قائم کیا گیا فور اسٹار جنرل کا عہدہ ہے جس کی ذمہ داری پاکستان کے جوہری کمانڈ اور اسٹریٹجک فورسز کی نگرانی کرنا ہے جو اس سے قبل چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی (سی جے سی ایس سی) کے سپرد تھی۔
آئین کے آرٹیکل 243 میں کی گئی ترمیم کے مطابق نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ کے کمانڈر کا تقرر چیف آف آرمی اسٹاف کی سفارش پر وزیراعظم کرتے ہیں۔


Comments