ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں مزید اضافہ
- کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے مقابلے میں روپیہ ایک پیسے کی بہتری سے 277.96 روپے پر بند
انٹربینک مارکیٹ میں جمعہ کو بھی ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے مقابلے میں روپیہ ایک پیسے کی بہتری سے 277.96 روپے پر بند ہوا۔
یاد رہے کہ جمعرات کو مقامی کرنسی 277.97 روپے پر بند ہوئی تھی۔
مزید برآں جمعہ کو ڈالر کی قدر مستحکم رہی لیکن یہ ہفتہ وار بنیادوں پر گراوٹ کی جانب گامزن ہے کیونکہ اس ہفتے امریکی مہنگائی کی رپورٹ توقع سے کم رہی جس کے نتیجے میں ٹریڈرز نے فیڈرل ریزرو کی جانب سے شرح سود میں فوری اضافے کی توقعات کو کم کر دیا ہے۔
کرنسی مارکیٹ میں یورو 1.1445 ڈالر پر ٹریڈ ہوا اور ہفتہ وار بنیاد پر 0.29 فیصد اضافے کی جانب گامزن ہے جبکہ برطانوی پاؤنڈ 1.3476 ڈالر پر رہا اور مسلسل تیسرے ہفتے اضافے کی راہ پر ہے۔
جاپانی ین 162.39 فی ڈالر پر برقرار رہا، جو رواں ماہ کے آغاز میں ریکارڈ ہونے والی تقریباً 40 سال کی کم ترین سطح 162.84 کے قریب ہے۔
اسی دوران ڈالر انڈیکس، جو امریکی کرنسی کو چھ بڑی کرنسیوں کے مقابلے میں ناپتا ہے، 100.72 پر رہا اور ہفتہ وار 0.24 فیصد کمی کی جانب بڑھ رہا ہے۔


Comments