حکومت گندم اور ایندھن کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائے گی، احد چیمہ
- عوام اور کسانوں کے مفادات کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے، وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور
وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد چیمہ نے جمعرات کو کہا ہے کہ حکومت ملک بھر میں گندم اور پیٹرولیم مصنوعات کی وافر فراہمی یقینی بنائے گی، جبکہ مصنوعی قلت پیدا کرنے کی ہر کوشش ناکام بنانے کے لیے ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
یہ بات انہوں نے ملک میں گندم کی صورتحال اور صوبوں میں طلب و رسد کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔
اجلاس میں گندم کی پیداوار، دستیاب ذخائر اور ملک میں مجموعی طلب و رسد کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ چیف سیکریٹریز نے اجلاس کو بتایا کہ اس وقت ان کے متعلقہ صوبوں میں گندم کی طلب و رسد کی صورتحال معمول کے مطابق ہے، تاہم مستقبل کی ضروریات پوری کرنے اور بلا تعطل فراہمی برقرار رکھنے کے لیے وفاق سے اضافی گندم درکار ہو سکتی ہے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے احد چیمہ نے کہا کہ وفاقی حکومت پاسکو کے ذخائر سے صوبوں کی گندم کی ضروریات ہر ممکن حد تک پوری کرنے کی کوشش کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح عوام اور کسانوں دونوں کے مفادات کا تحفظ اور ملک بھر میں گندم کی بلا تعطل دستیابی یقینی بنانا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گندم سے متعلق ہر فیصلہ مقامی پیداوار، مارکیٹ کی صورتحال اور کاشتکاروں کی فلاح کو مدنظر رکھ کر کیا جائے گا۔
وزیر نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ آئندہ بوائی کے موسم سے قبل مارکیٹ میں گندم کی مناسب دستیابی یقینی بنانے کے لیے ذخیرہ اندوزی اور منڈی میں مصنوعی ہیرا پھیری پر کڑی نظر رکھی جائے۔
وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ رانا تنویر حسین نے اجلاس کو بتایا کہ پاسکو صوبائی حکومتوں کو گندم کی دستیابی اور انتظام میں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔
اجلاس کے اختتام پر احد چیمہ نے تمام متعلقہ اداروں کو باہمی رابطہ مضبوط رکھنے اور صورتحال کی مسلسل نگرانی کی ہدایت کی تاکہ بروقت فیصلوں کے ذریعے غذائی تحفظ، مارکیٹ میں استحکام اور کسانوں کے مفادات کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
اجلاس میں پیٹرولیم مصنوعات کی دستیابی کا بھی جائزہ لیا گیا اور بعض آئل مارکیٹنگ کمپنیوں (او ایم سیز) کی جانب سے ایندھن ذخیرہ کرنے سے متعلق خدشات پر غور کیا گیا۔ اس موقع پر اوگرا کے چیئرمین نبیل احمد اعوان بھی شریک ہوئے، جہاں ایندھن کی فراہمی اور نفاذی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
احد چیمہ اور سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ نے تمام صوبائی چیف سیکریٹریز کو ہدایت کی کہ ایندھن کی ذخیرہ اندوزی یا موجودہ علاقائی صورتحال سے ناجائز فائدہ اٹھا کر منافع خوری کرنے والے پیٹرول پمپس اور او ایم سیز کے خلاف فوری اور مؤثر کارروائی کی جائے۔
صوبائی چیف سیکریٹریز نے یقین دہانی کرائی کہ ان کی انتظامیہ اوگرا کے نامزد حکام کے ساتھ قریبی رابطے میں رہتے ہوئے ذخیرہ اندوزی کی روک تھام اور ملک بھر میں ایندھن کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائے گی۔
وزیر نے حکومت کے توانائی کے تحفظ سے متعلق عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے پاس پیٹرولیم مصنوعات کے وافر ذخائر موجود ہیں اور ملک میں ایندھن کی کوئی قلت نہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کسی بھی آئل مارکیٹنگ کمپنی یا پیٹرول پمپ کو ناجائز منافع خوری کے لیے مصنوعی قلت پیدا کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت جائز کاروبار میں رکاوٹ نہیں ڈالنا چاہتی، تاہم ذخیرہ اندوزی، ناجائز منافع خوری یا اشیائے ضروریہ کی فراہمی میں خلل ڈالنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی سے گریز نہیں کیا جائے گا۔


Comments