پاکستان کا امریکا اور ایران سمیت تمام فریقوں پر تحمل کا مظاہرہ کرنے پر زور
- پاکستان نے کہا ہے کہ وہ ثالثی کا کردار جاری رکھنے کے لیے بدستور تیار ہے
پاکستان نے بدھ کے روز خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام فریقوں پر زور دیا ہے کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور اختلافات کو بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعے حل کریں۔
وزارتِ خارجہ نے اپنے بیان میں کہا، ”پاکستان خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتا ہے۔ تنازع کا دوبارہ بھڑک اٹھنا کسی کے مفاد میں نہیں۔“
بیان میں تمام فریقوں پر زور دیا گیا کہ وہ ایسے اقدامات سے گریز کریں جو خطے کے امن و استحکام کو مزید نقصان پہنچا سکتے ہوں۔
وزارتِ خارجہ نے کہا، ”خطے میں امن کے مشترکہ مقصد کے حصول کے لیے مسلسل رابطے، بات چیت اور سفارت کاری کا کوئی متبادل نہیں۔“
دفترِ خارجہ نے تمام فریقوں پر اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت اپنی اپنی ذمہ داریوں کی پاسداری پر بھی زور دیتے ہوئے اسے ”باہمی افہام و تفہیم، احترام اور خطے سمیت پوری دنیا کی مشترکہ خوشحالی کے لیے ایک پائیدار بنیاد“ قرار دیا۔
بیان میں مزید کہا گیا، ”پاکستان خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے اپنا ثالثی کردار بدستور جاری رکھنے کے لیے تیار ہے۔“


Comments