انٹرلوپ لمیٹڈ (پی ایس ایکس: آئی ایل پی) 1992 میں پاکستان میں قائم ہوئی اور 2019 میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں لسٹ ہوئی۔ کمپنی دنیا کے معروف برانڈز اور ریٹیلرز کے لیے ہوزری، ڈینم، نِٹ ویئر ملبوسات اور ایکٹو ویئر تیار کرنے کے شعبے سے وابستہ ہے۔
اس کے علاوہ، انٹرلوپ دھاگا (یارن) بھی تیار کرتی ہے۔ کمپنی کا صنعتی انفراسٹرکچر پاکستان میں واقع ہے، جبکہ اس کی ایک منسلک پیداواری سہولت سری لنکا میں موجود ہے۔ اس کے علاوہ چین میں سورسنگ آفس اور الحاقی مینوفیکچرنگ سہولت جبکہ امریکا، یورپ اور جاپان میں مارکیٹنگ دفاتر قائم ہیں۔
حصص کی ملکیتی ساخت
30 جون 2025 تک انٹرلوپ لمیٹڈ کے مجموعی طور پر 1.401 ارب (140 کروڑ 17 لاکھ) حصص جاری شدہ تھے، جو 10,627 شیئر ہولڈرز کی ملکیت میں تھے۔
کمپنی کے ڈائریکٹرز، چیف ایگزیکٹو آفیسر، ان کی شریکِ حیات اور نابالغ بچوں کے پاس کمپنی کے 69.75 فیصد حصص کے ساتھ سب سے بڑا حصہ تھا، جبکہ اس کے بعد مقامی عام سرمایہ کاروں کے پاس 19.69 فیصد حصص موجود تھے۔

انٹرلوپ لمیٹڈ کے 3.11 فیصد حصص غیر ملکی کمپنیوں کی ملکیت میں ہیں، جبکہ مداربہ اداروں اور میوچل فنڈز کے پاس مجموعی طور پر 2.87 فیصد حصص موجود ہیں۔
اسی طرح، بینکوں، ترقیاتی مالیاتی اداروں (ڈی ایف آئیز) اور نان بینکنگ مالیاتی اداروں (این بی ایف آئیز) کے پاس کمپنی کے 1.82 فیصد حصص ہیں، جبکہ انشورنس کمپنیوں کی ملکیت میں 1.76 فیصد حصص ہیں۔ باقی حصص دیگر اقسام کے شیئر ہولڈرز کے پاس ہیں۔
مالیاتی کارکردگی (2019 تا 2025)
2020 کو مستثنیٰ رکھا جائے تو زیرِ جائزہ مدت کے دوران انٹرلوپ لمیٹڈ کی آمدنی (ٹاپ لائن) میں نمایاں اور مسلسل اضافہ دیکھنے میں آیا۔ اس کے برعکس، کمپنی کے بعد از ٹیکس منافع (باٹم لائن) میں 2020، 2024 اور 2025 میں کمی ریکارڈ کی گئی۔ منافع کے تناسب (مارجنز) نے 2019 میں بہتری کے بعد 2020 میں اپنی کم ترین سطح کو چھو لیا۔
بعد ازاں، اگلے برسوں میں مارجنز نے دوبارہ بہتری کی راہ اختیار کی اور 2023 میں اپنی بلند ترین سطح تک پہنچ گئے، تاہم اس کے بعد 2024 اور 2025 میں ان میں نمایاں کمی واقع ہوئی۔
زیرِ جائزہ مدت کے دوران کمپنی کی مالیاتی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ ذیل میں پیش کیا جا رہا ہے۔

2019 میں انٹرلوپ لمیٹڈ کی آمدنی (ٹاپ لائن) میں سالانہ بنیاد پر 20.36 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور یہ بڑھ کر 37 ارب 47 کروڑ 83 لاکھ روپے تک پہنچ گئی۔ اس نمایاں اضافے کی بنیادی وجہ برآمدی فروخت میں مضبوط نمو تھی، جسے شرح مبادلہ میں سازگار تبدیلی نے مزید تقویت دی۔
تاہم خام مال کی بلند لاگت، پاکستانی روپے کی قدر میں کمی، ایندھن اور بجلی کے بڑھتے ہوئے نرخوں، تنخواہوں اور اجرتوں میں اضافے، نیز پیداواری صلاحیت میں توسیع کے لیے نئے پلانٹس میں مشینری اور آلات کی تنصیب کے باعث نئے ملازمین کی بھرتیوں نے 2019 میں فروختی لاگت (کاسٹ آف سیلز) میں 16 فیصد اضافہ کر دیا۔
اس کے باوجود کمپنی کا مجموعی منافع (گراس پرافٹ) 2019 میں سالانہ بنیاد پر 30.73 فیصد بڑھا، جبکہ مجموعی منافع کا تناسب (جی پی مارجن) 2018 کے 29.37 فیصد کے مقابلے میں بڑھ کر 31.90 فیصد ہو گیا۔
2019 کے دوران تقسیمی اخراجات (ڈسٹری بیوشن ایکسپنسز) قابو میں رہے، تاہم انتظامی اخراجات (ایڈمنسٹریٹو ایکسپنسز) میں سالانہ بنیاد پر 24.18 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

دیگر اخراجات (اودر ایکسپنسز) میں بھی 2019 کے دوران سالانہ بنیاد پر 84.41 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اس کی بنیادی وجوہات میں ورکرز پرافٹ پارٹیسپیشن فنڈ (ڈبلیو پی پی ایف) کے لیے زیادہ رقوم مختص کرنا، عطیات اور خیرات میں اضافہ، اور آئی ایل بنگلہ لمیٹڈ میں سرمایہ کاری پر نقصِ قدر (امپیئرمنٹ لاس) کے لیے کیے گئے پروویژن شامل تھے۔
دوسری جانب، دیگر آمدنی (اودر اِنکم) میں بھی سالانہ بنیاد پر 57.62 فیصد اضافہ ہوا، جس کی بڑی وجہ آئی ایل بنگلہ لمیٹڈ سے واجب الادا رقوم پر حاصل ہونے والی سودی آمدن تھی۔
ان عوامل کے نتیجے میں 2019 کے دوران کمپنی کے آپریٹنگ منافع میں سالانہ بنیاد پر 42.93 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ آپریٹنگ منافع کا تناسب (او پی مارجن) 2018 کے 14.42 فیصد سے بڑھ کر 17.12 فیصد ہو گیا۔
تاہم، بلند شرحِ سود کے باعث 2019 میں مالیاتی لاگت (فنانس کاسٹ) میں سالانہ بنیاد پر 105.87 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔
اس کے باوجود کمپنی کے قرض کے انحصار کا تناسب (گیئرنگ ریشو) 2018 کے 66.95 فیصد سے کم ہو کر 2019 میں 48.15 فیصد رہ گیا۔ اس کی وجہ سال کے دوران 10 کروڑ 90 لاکھ عام حصص کا اجرا اور قرضوں کے حجم میں کمی تھی۔

انٹرلوپ لمیٹڈ کے بعد از ٹیکس منافع (باٹم لائن) میں 2019 کے دوران سالانہ بنیاد پر 33.69 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور یہ بڑھ کر 5 ارب 19 کروڑ 47 لاکھ 70 ہزار روپے تک پہنچ گیا۔ اس کے نتیجے میں خالص منافع کا تناسب (این پی مارجن) 12.48 فیصد سے بڑھ کر 13.86 فیصد ہو گیا۔
اسی طرح، فی حصص آمدن (ای پی ایس) بھی 2018 کے 5.10 روپے سے بڑھ کر 2019 میں 6.67 روپے ہو گئی۔
برآمدات پر انحصار کرنے والے کاروبار ہونے کے باعث انٹرلوپ لمیٹڈ کو 2020 میں کووڈ-19 کی وجہ سے لوگوں اور اشیا کی نقل و حرکت پر عائد پابندیوں کے سبب شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ سال کے دوران نافذ کیے گئے لاک ڈاؤن نے نہ صرف کمپنی کی سرگرمیوں کو محدود کیا بلکہ اس کی بڑی برآمدی منڈیوں سے طلب کو بھی متاثر کیا۔
نتیجتاً، 2020 میں انٹرلوپ کی خالص فروخت سے حاصل ہونے والی آمدنی (نیٹ سیلز ریونیو) میں سالانہ بنیاد پر 3.14 فیصد کمی واقع ہوئی اور یہ گھٹ کر 36 ارب 30 کروڑ 27 لاکھ 90 ہزار روپے رہ گئی۔ تاہم سپلائی کے مسائل اور رکاوٹوں کے باعث فروختی لاگت میں کوئی نمایاں کمی نہ آ سکی۔
اس صورتحال کے نتیجے میں 2020 کے دوران مجموعی منافع (گراس پرافٹ) میں سالانہ بنیاد پر 34.22 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ مجموعی منافع کا تناسب (جی پی مارجن) کم ہو کر 21.66 فیصد پر آ گیا۔

فروخت کے حجم میں کمی کے باعث 2020 میں تقسیمی اخراجات (ڈسٹری بیوشن ایکسپنسز) میں سالانہ بنیاد پر 27.89 فیصد کمی واقع ہوئی، جبکہ انتظامی اخراجات (ایڈمنسٹریٹو ایکسپنسز) میں 10.77 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اسی طرح، دیگر اخراجات (اودر ایکسپنسز) میں 2020 کے دوران 35.69 فیصد کمی دیکھی گئی، جس کی بنیادی وجوہات ورکرز پرافٹ پارٹیسپیشن فنڈ (ڈبلیو پی پی ایف) کے لیے کم رقوم مختص کرنا، عطیات و خیرات میں کمی اور سرمایہ کاری کے نقصِ قدر (امپیئرمنٹ لاس) کے لیے کسی قسم کا پروویژن نہ کرنا تھیں۔
دوسری جانب، دیگر آمدنی (اودر اِنکم) نے کمپنی کے منافع کو سہارا فراہم کیا اور 2020 میں اس میں سالانہ بنیاد پر 585.41 فیصد کا غیر معمولی اضافہ ہوا، جس کی وجہ ٹرم ڈپازٹ رسیدوں (ٹی ڈی آرز) اور ٹرم فنانس سرٹیفکیٹس (ٹی ایف سیز) سے حاصل ہونے والا خاطر خواہ منافع تھا۔
تاہم، آپریٹنگ اخراجات اور دیگر اخراجات میں کمی اور دیگر آمدنی میں نمایاں اضافے کے باوجود آپریٹنگ منافع برقرار نہ رہ سکا۔ 2020 میں آپریٹنگ منافع (اوپریٹنگ پرافٹ) میں سالانہ بنیاد پر 49.30 فیصد کمی واقع ہوئی، جبکہ آپریٹنگ منافع کا تناسب (او پی مارجن) نمایاں طور پر گھٹ کر 8.96 فیصد رہ گیا۔
مالی سال 2020 کی ابتدائی سہ ماہیوں میں بلند شرحِ سود اور سال کے دوران قرضوں میں اضافے کے باعث مالیاتی لاگت (فنانس کاسٹ) میں 14.21 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اس کے نتیجے میں قرض کے انحصار کا تناسب (گیئرنگ ریشو) بڑھ کر 55.53 فیصد ہو گیا۔
بعد از ٹیکس منافع (نیٹ پرافٹ) میں 2020 کے دوران سالانہ بنیاد پر 65.42 فیصد کی نمایاں کمی واقع ہوئی اور یہ گھٹ کر 1 ارب 79 کروڑ 64 لاکھ روپے رہ گیا۔ اس طرح خالص منافع کا تناسب (این پی مارجن) 4.95 فیصد ریکارڈ کیا گیا، جبکہ فی حصص آمدن (ای پی ایس) بھی کم ہو کر 2.06 روپے رہ گئی۔

2021 میں انٹرلوپ لمیٹڈ کی آمدنی (ٹاپ لائن) نے بھرپور واپسی کی اور سالانہ بنیاد پر 51.4 فیصد اضافے کے ساتھ 54 ارب 96 کروڑ 24 لاکھ 70 ہزار روپے تک پہنچ گئی۔ خام مال کی بلند لاگت، تنخواہوں اور اجرتوں میں اضافے، نِٹنگ، پراسیسنگ اور پیکنگ کے بڑھتے ہوئے اخراجات، نیز ایندھن اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے باعث فروختی لاگت میں 43.29 فیصد اضافہ ہوا۔
تاہم برآمدی فروخت میں نمایاں اضافے کی بدولت مجموعی منافع (گراس پرافٹ) میں 80.73 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور جی پی مارجن بہتر ہو کر 25.86 فیصد تک پہنچ گیا۔
زیادہ فروخت کے نتیجے میں سیلز کمیشن بڑھنے سے تقسیمی اخراجات (ڈسٹری بیوشن ایکسپنسز) میں 31.50 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ انتظامی اور دیگر اخراجات بالترتیب 27.22 فیصد اور 82.25 فیصد بڑھ گئے۔ سرمایہ کاری پر نقصِ قدر کے الٹ اندراج (ریورسل آف امپیئرمنٹ لاس) اور زرِ مبادلہ کے منافع کے باعث دیگر آمدنی میں 64.56 فیصد اضافہ ہوا۔
نتیجتاً، آپریٹنگ منافع میں 146.54 فیصد کا غیرمعمولی اضافہ ہوا اور او پی مارجن 14.59 فیصد تک پہنچ گیا۔ شرحِ سود میں کمی کے باعث قرضوں میں اضافے کے باوجود مالیاتی لاگت تقریباً مستحکم رہی، تاہم گیئرنگ ریشو بڑھ کر 59.62 فیصد ہو گیا۔
بعد از ٹیکس منافع (نیٹ پرافٹ) میں 250.23 فیصد کا شاندار اضافہ ہوا اور یہ 62 ارب 91 کروڑ 57 لاکھ روپے تک پہنچ گیا۔ این پی مارجن 11.45 فیصد جبکہ فی حصص آمدن (ای پی ایس) 7 روپے رہی۔
2022
2022 ٹاپ لائن نمو کے حوالے سے غیرمعمولی سال ثابت ہوا اور کمپنی کی آمدنی میں 65.38 فیصد اضافہ ہوا۔ مقامی کرنسی کی تیز گراوٹ نے برآمدی فروخت کو تقویت دی اور فروخت بڑھ کر ریکارڈ 90 ارب 89 کروڑ 40 لاکھ روپے تک جا پہنچی۔
افراطِ زر اور درآمدی پابندیوں سے پیدا ہونے والی سپلائی چین کی مشکلات کے باوجود مجموعی منافع میں 83.41 فیصد اضافہ ہوا اور جی پی مارجن 28.68 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔
سیلز کمیشن، سمندری و فضائی مال برداری، ایکسپورٹ ڈیولپمنٹ سرچارج اور تنخواہوں میں اضافے کے باعث آپریٹنگ اخراجات بڑھے۔ دوسری جانب، ڈیریویٹو مالیاتی آلات پر حقیقی نقصان اور ڈبلیو ڈبلیو ایف و ڈبلیو پی پی ایف کے لیے زیادہ پروویژن کے باعث دیگر اخراجات میں 133.11 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ امپیئرمنٹ لاس کے ریورسل نہ ہونے سے دیگر آمدنی 64.94 فیصد کم ہو گئی۔
اس کے باوجود آپریٹنگ منافع میں 98.46 فیصد اضافہ ہوا اور او پی مارجن 17.51 فیصد تک پہنچ گیا۔ تاہم سخت مانیٹری پالیسی اور زیادہ قرض گیری کے باعث مالیاتی لاگت میں 117.34 فیصد اضافہ ہوا اور گیئرنگ ریشو 63.12 فیصد تک پہنچ گیا۔
نیٹ پرافٹ 96.45 فیصد اضافے کے ساتھ 123 ارب 59 کروڑ 50 لاکھ روپے تک پہنچ گیا، جبکہ این پی مارجن 13.60 فیصد اور ای پی ایس 8.82 روپے رہی۔
2023
شدید معاشی اور سیاسی مشکلات کے باوجود 2023 میں انٹرلوپ کی ٹاپ لائن میں 31.14 فیصد اضافہ ہوا اور خالص فروخت 119 ارب 20 کروڑ روپے تک پہنچ گئی۔
سپلائی چین کی رکاوٹیں، گیس کی بندش اور کپاس کی قیمتوں میں نمایاں اضافے کے باعث فروختی لاگت میں 22.37 فیصد اضافہ ہوا، تاہم مجموعی منافع میں 52.97 فیصد اضافہ ہوا اور جی پی مارجن 33.45 فیصد تک پہنچ گیا، جو زیرِ جائزہ مدت کی بلند ترین سطح تھی۔
زیادہ سیلز کمیشن اور شپنگ اخراجات کے باعث ڈسٹری بیوشن اخراجات میں 16.87 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ اگرچہ ملازمین کی تعداد 31,986 سے کم ہو کر 30,774 رہ گئی، اس کے باوجود زیادہ تنخواہوں کے باعث انتظامی اخراجات 33.41 فیصد بڑھ گئے۔
زیادہ منافع سے متعلق پروویژنز کے باعث دیگر اخراجات میں 26.96 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ ٹی ایف سیز سے منافع، زرِ مبادلہ کے منافع اور ڈیریویٹو آلات پر غیرحقیقی منافع کے باعث دیگر آمدنی 177 فیصد بڑھ گئی۔
نتیجتاً آپریٹنگ منافع میں 70.34 فیصد اضافہ ہوا اور او پی مارجن 22.74 فیصد تک پہنچ گیا۔ بلند شرحِ سود اور اضافی قرضوں کے باعث مالیاتی لاگت 121.73 فیصد بڑھ گئی، تاہم بونس حصص کے اجرا اور غیر تقسیم شدہ منافع میں اضافے سے گیئرنگ ریشو کم ہو کر 57.57 فیصد رہ گیا۔
نیٹ پرافٹ 63.21 فیصد بڑھ کر 201 ارب 71 کروڑ 84 لاکھ روپے تک پہنچ گیا، جبکہ ای پی ایس 14.39 روپے اور این پی مارجن 16.92 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔
2024
2024 میں خالص فروخت میں 30.98 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 156 ارب 12 کروڑ 88 لاکھ روپے تک پہنچ گئی، جس کی بنیادی وجہ برآمدی آرڈرز میں اضافہ تھا۔
تاہم روپے کی قدر میں استحکام، مہنگائی اور توانائی کی بلند لاگت کے باعث کمپنی جی پی مارجن برقرار نہ رکھ سکی، جو کم ہو کر 27.89 فیصد رہ گیا۔ مطلق اعداد و شمار میں مجموعی منافع میں 9.21 فیصد اضافہ ہوا۔
زیادہ شپنگ اخراجات اور سیلز کمیشن کے باعث ڈسٹری بیوشن اخراجات 42.38 فیصد بڑھ گئے، جبکہ ملازمین کی تعداد 30,774 سے بڑھ کر 34,736 ہونے اور مہنگائی کے دباؤ کے باعث انتظامی اخراجات میں 37.43 فیصد اضافہ ہوا۔
کم منافع سے متعلق پروویژن اور ڈیریویٹو آلات پر حقیقی نقصان نہ ہونے کے باعث دیگر اخراجات 24.98 فیصد کم ہو گئے، جبکہ ڈیریویٹو آلات پر حقیقی و غیرحقیقی منافع اور ٹی ایف سیز سے بہتر آمدنی کے باعث دیگر آمدنی 304.67 فیصد بڑھ گئی۔
آپریٹنگ منافع میں معمولی 3 فیصد اضافہ ہوا اور او پی مارجن 17.89 فیصد رہا۔ رعایتی قرضوں کی ادائیگی اور نئے قرضوں کے حصول کے باعث مالیاتی لاگت 83.18 فیصد بڑھ گئی، تاہم گیئرنگ ریشو کم ہو کر 56.25 فیصد رہ گیا۔
نیٹ پرافٹ میں 21.82 فیصد کمی واقع ہوئی اور یہ 157 ارب 71 کروڑ 26 لاکھ روپے رہ گیا۔ این پی مارجن 10.10 فیصد جبکہ ای پی ایس 11.25 روپے رہی۔
2025
2025 میں انٹرلوپ کی خالص فروخت میں 11 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 173 ارب 38 کروڑ 15 لاکھ روپے تک پہنچ گئی۔ اس اضافے کی وجہ مقامی اور برآمدی دونوں فروخت میں بہتری تھی۔
برآمدی فروخت کا مجموعی فروخت میں حصہ 93.27 فیصد رہا، جو گزشتہ سال 94.58 فیصد تھا۔ فروخت کے حجم میں اضافے کے باوجود شرحِ مبادلہ میں استحکام، بلند فروختی لاگت اور نئے شروع کیے گئے اپیرل ماسٹر پراجیکٹ کی ابتدائی مدت کے اثرات کے باعث مجموعی منافع متاثر ہوا۔
نتیجتاً مجموعی منافع میں 19.23 فیصد کمی آئی اور جی پی مارجن کم ہو کر 20.29 فیصد رہ گیا۔ فریٹ، شپنگ اور تشہیری اخراجات کے باعث ڈسٹری بیوشن اخراجات 18.74 فیصد بڑھ گئے، جبکہ نئے منصوبوں کے لیے اضافی افرادی قوت بھرتی کرنے سے انتظامی اخراجات 12 فیصد بڑھ گئے۔
کمپنی کے ملازمین کی تعداد بڑھ کر 37,786 ہو گئی، جو سالانہ بنیاد پر 8.78 فیصد زیادہ تھی۔ کم پروویژنز اور خیرات میں کمی کے باعث دیگر اخراجات 53.56 فیصد کم ہوئے، جبکہ ڈیریویٹو آلات پر کم منافع اور ٹی ایف سیز سے کم آمدنی کے باعث دیگر آمدنی 37.57 فیصد گھٹ گئی۔
آپریٹنگ منافع میں 34.41 فیصد کمی آئی اور او پی مارجن 10.57 فیصد رہ گیا۔ مانیٹری پالیسی میں نرمی کے باعث مالیاتی لاگت میں 5.84 فیصد کمی واقع ہوئی، تاہم توسیعی منصوبوں اور ورکنگ کیپیٹل کی ضروریات کے لیے زیادہ قرض لینے سے گیئرنگ ریشو بڑھ کر 62.19 فیصد ہو گیا۔
فائنل ٹیکس رجیم سے نارمل ٹیکس رجیم میں منتقلی کے باعث ٹیکس اخراجات میں 67.48 فیصد اضافہ ہوا، جس کے نتیجے میں نیٹ پرافٹ 65.91 فیصد کم ہو کر 53 ارب 76 کروڑ 60 لاکھ روپے رہ گیا۔ این پی مارجن 3.10 فیصد جبکہ ای پی ایس 3.84 روپے ریکارڈ کی گئی۔
حالیہ کارکردگی (مالی سال 2026 کے پہلے نو ماہ)
جاری مالی سال کے پہلے نو ماہ میں انٹرلوپ کی خالص فروخت میں 1.50 فیصد معمولی اضافہ ہوا اور یہ 127 ارب 29 کروڑ 9 لاکھ روپے تک پہنچ گئی۔
فروخت کے بہتر حجم اور موافق سیلز مکس، مقررہ اخراجات کے بہتر جذب اور مؤثر لاگت کے انتظام کے باعث مجموعی منافع میں 24.45 فیصد اضافہ ہوا اور جی پی مارجن بڑھ کر 24 فیصد ہو گیا، جبکہ گزشتہ سال اسی عرصے میں یہ 19.61 فیصد تھا۔
اشتہاری بجٹ میں کمی اور فریٹ اخراجات گھٹنے سے ڈسٹری بیوشن اخراجات 18.95 فیصد کم ہوئے، جبکہ مہنگائی اور ممکنہ افرادی قوت میں اضافے کے باعث انتظامی اخراجات 6.59 فیصد بڑھ گئے۔
ڈبلیو ڈبلیو ایف اور ڈبلیو پی پی ایف کے لیے زیادہ پروویژن کے باعث دیگر اخراجات 33.86 فیصد بڑھ گئے، تاہم ڈیریویٹو مالیاتی آلات پر حقیقی اور غیرحقیقی منافع کے باعث دیگر آمدنی میں 414.85 فیصد اضافہ ہوا۔
اس طرح کمپنی نے 121 کروڑ روپے کی خالص دیگر آمدنی حاصل کی، جبکہ گزشتہ سال اسی عرصے میں 42 کروڑ 66 لاکھ روپے کے خالص دیگر اخراجات ریکارڈ کیے گئے تھے۔
آپریٹنگ منافع میں 67.27 فیصد اضافہ ہوا اور او پی مارجن 15.84 فیصد تک پہنچ گیا، جبکہ گزشتہ سال یہ 9.61 فیصد تھا۔
شرحِ سود میں کمی اور واجبات کی ادائیگی کے باعث مالیاتی لاگت 36.58 فیصد کم ہوئی، جس کے نتیجے میں نیٹ پرافٹ 244.76 فیصد اضافے کے ساتھ 93 ارب 42 کروڑ 18 لاکھ روپے تک پہنچ گیا۔
یہ کارکردگی 6.66 روپے فی حصص آمدن (ای پی ایس) اور 7.34 فیصد این پی مارجن میں تبدیل ہوئی، جبکہ گزشتہ سال اسی عرصے میں ای پی ایس 1.93 روپے اور این پی مارجن 2.16 فیصد تھا۔
مستقبل کا منظرنامہ
عالمی جغرافیائی سیاسی کشیدگی اور اس کے مقامی معاشی اشاریوں پر دور رس اثرات پاکستانی مینوفیکچرنگ شعبے کے لیے مالیاتی چیلنجز پیدا کر سکتے ہیں۔ دوسری جانب عالمی منڈیوں میں خریدار بھی محتاط طرزِ عمل اختیار کیے ہوئے ہیں، جہاں خریداری کے فیصلے سوچ سمجھ کر کیے جا رہے ہیں اور قیمتوں کے حوالے سے حساسیت میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
اس پس منظر میں انٹرلوپ لمیٹڈ اپنی برآمدی منڈیوں کو وسعت دینے کے لیے نئے جغرافیائی خطوں کی تلاش میں مصروف ہے۔ ساتھ ہی کمپنی آپریشنل استعداد بہتر بنانے اور اپنی فروخت کے تنوع (سیلز مکس) کو مزید متوازن بنانے کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔
مزید برآں، 3.5 میگاواٹ کے شمسی توانائی کے منصوبے کا فعال ہونا درست سمت میں ایک اہم پیش رفت تصور کیا جا رہا ہے۔ مشرقِ وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی بلند قیمتوں کے تناظر میں یہ منصوبہ کمپنی کی توانائی لاگت میں کمی لانے اور اس کی لاگت کے ڈھانچے کو زیادہ پائیدار بنانے میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔
مجموعی طور پر، اگرچہ عالمی غیر یقینی صورتحال اور بدلتے ہوئے معاشی حالات انٹرلوپ کے لیے چیلنجز کا باعث بن سکتے ہیں، تاہم برآمدی منڈیوں میں تنوع، آپریشنل بہتری اور متبادل توانائی کے ذرائع پر توجہ کمپنی کے مستقبل کے امکانات کو تقویت دینے والے اہم عوامل دکھائی دیتے ہیں۔


Comments