انرجی اسٹوریج مارکیٹ: چینی کمپنی سی این ٹی ای اور ٹریٹ بیٹری میں معاہدہ
- یہ مفاہمتی یادداشت رہائشی، تجارتی اور صنعتی انرجی اسٹوریج سلوشنز کے تمام شعبوں میں تعاون کا احاطہ کرتی ہے
پاکستان میں بیٹریاں بنانے والی کمپنی ٹریٹ بیٹری لمیٹڈ نے انرجی اسٹوریج کے شعبے میں مواقع تلاش کرنے کیلئے چین کی کنٹیمپریری نیبولا ٹیکنالوجی انرجی کمپنی لمیٹڈ (سی این ٹی ای) کے ساتھ ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔ چینی کمپنی سی این ٹی ای کو دنیا بھر میں بیٹریوں کی تیاری کی سب سے بڑی کمپنی کنٹیمپریری ایمپریکس ٹیکنالوجی کمپنی لمیٹڈ (سی اے ٹی ایل) کی پشت پناہی حاصل ہے۔ اس شراکت داری کا مقصد پاکستان میں جدید بیٹری اسٹوریج سسٹمز کو متعارف کرانا اور مستقبل میں ان کی لوکل مینوفیکچرنگ کے امکانات کا جائزہ لینا ہے۔
جاری کردہ بیان کے مطابق یہ مفاہمتی یادداشت دونوں کمپنیوں کے درمیان اسٹریٹجک تعاون کیلئے فریم ورک (بنیاد) فراہم کرتی ہے تاکہ پاکستان کی مارکیٹ پر خصوصی توجہ مرکوز کرتے ہوئے انرجی اسٹوریج (توانائی ذخیرہ کرنے) کے شعبے میں طویل مدتی مواقع تلاش کیے جاسکیں۔
ٹریٹ کے مطابق اس شراکت داری سے سی این ٹی ای کی اعلیٰ معیار کے کیٹل-سیل (CATL-cell) پر مبنی انرجی اسٹوریج ٹیکنالوجی، پروڈکٹ پورٹ فولیو، تکنیکی مہارت اور جدید بیٹری انرجی اسٹوریج سسٹمز کا تجربہ پاکستان میں آنے کی توقع ہے۔ اس تعاون کے ذریعے سی این ٹی ای کی مصنوعات و خدمات کو ٹریٹ کی مقامی مارکیٹ میں مضبوط موجودگی، وسیع ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک، اور آفٹر سیلز انفرااسٹرکچر کے ساتھ ملا کر بھرپور فائدہ اٹھایا جائے گا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ مفاہمتی یادداشت رہائشی، تجارتی اور صنعتی انرجی اسٹوریج سلوشنز کے تمام شعبوں میں تعاون کا احاطہ کرتی ہے جس میں مستقبل میں مزید ویلیو ایڈیشن اور لوکل مینوفیکچرنگ کے امکانات بھی موجود ہیں۔
سی این ٹی ای ایک ہائی ٹیکنالوجی ادارہ ہے جس کی بنیاد 2019 میں رکھی گئی تھی اور اسے کیٹل کی جانب سے اسٹریٹجک سرمایہ کاری حاصل ہے۔ کیٹل ایک ایسی کمپنی ہے جو شینزین اسٹاک ایکسچینج (300750) اور ہانگ کانگ اسٹاک ایکسچینج (3750) میں لسٹڈ ہے اور پاور بیٹری اور انرجی اسٹوریج بیٹری کے شعبوں میں عالمی سطح پر قائدانہ حیثیت رکھتی ہے۔
31 دسمبر 2025 کو ختم ہونے والے مالی سال کے لیے کیٹل کی سالانہ رپورٹ کے مطابق پاور بیٹری کے شعبے میں بیٹری کے استعمال کے حجم کے لحاظ سے کیٹل کا عالمی مارکیٹ شیئر 39.2 فیصد رہا اور کمپنی نے مسلسل نو سال (2017 سے 2025 تک) پاور بیٹری کے استعمال کے حجم میں عالمی سطح پر پہلی پوزیشن برقرار رکھی ہے۔
انرجی اسٹوریج کے شعبے میں کیٹل نے انرجی اسٹوریج بیٹریوں کی سپلائی/شپمنٹس کے لحاظ سے مسلسل پانچ سال (2021 سے 2025 تک) عالمی سطح پر پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔
کیٹل کی ذیلی کمپنی سی این ٹی ای کی قیادت ہوانگ شیلن کررہے ہیں جو سی این ٹی ای کے شریک بانی اور چیئرمین ہونے کے ساتھ ساتھ کیٹل کے سابق وائس چیئرمین بھی ہیں۔
بیان میں مزید بتایا گیا کہ سی این ٹی ای تجارتی، صنعتی اور یوٹیلیٹی اسکیل کے استعمال کے لیے کیٹل کے اصل سیلز پر مبنی انرجی اسٹوریج سسٹمز کی تیاری میں مہارت رکھتی ہے اور یہ کمپنی کیٹل کی دنیا بھر میں صفِ اول کی لیتھیم آئرن فاسفیٹ سیل ٹیکنالوجی، حفاظتی معیارات اور مینوفیکچرنگ کی بہترین روایت (ساکھ) کو اپنے پروڈکٹ پورٹ فولیو میں یکجا کرتی ہے۔
پاکستان میں متبادل توانائی کے ذرائع کی طرف رجحان میں تیزی سے اضافہ دیکھا جا رہا ہے، بالخصوص سولر (شمسی توانائی) رہائشی اور تجارتی دونوں شعبوں میں یکساں طور پر مقبول ہو رہا ہے۔ ایک آزاد تھنک ٹینک پالیسی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ فار ایکویٹیبل ڈویلپمنٹ’ کے مطابق، پاکستان اپنے توانائی شعبے میں غیر معمولی سولرائزیشن کا مشاہدہ کر رہا ہے جس کے تحت ملک بھر میں اب تک 33 گیگا واٹ کی گنجائش کے حامل سولر فوٹو وولٹک (پی وی) پینلز نصب کیے جاچکے ہیں۔


Comments