ایران پر امریکی حملوں کے بعد سونے کی قیمتوں میں کمی
- اسپاٹ گولڈ 0.6 فیصد کمی کے ساتھ 4,542.20 ڈالر فی اونس پر آگیا
منگل کے روز سونے کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی کیونکہ ایران پر تازہ امریکی حملوں کے بعد خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، جس سے عالمی منڈیوں میں مہنگائی اور شرحِ سود کے طویل عرصے تک بلند رہنے کے خدشات بڑھ گئے۔
اسپاٹ گولڈ 0.6 فیصد کمی کے ساتھ 4,542.20 ڈالر فی اونس پر آگیا، جبکہ جون کی ڈیلیوری کے لیے امریکی گولڈ فیوچرز 0.4 فیصد اضافے کے ساتھ 4,542.80 ڈالر تک پہنچ گئے۔
ایران کے اعلیٰ مذاکرات کار اور وزیر خارجہ دوحہ میں قطر کے وزیراعظم کے ساتھ ممکنہ امریکی معاہدے پر بات چیت کر رہے ہیں تاکہ تین ماہ سے جاری جنگ کو ختم کیا جا سکے۔ تاہم واشنگٹن اور تہران دونوں نے فوری پیش رفت کے امکانات کو کمزور قرار دیا ہے۔
اسی دوران امریکی افواج نے ایران کے جنوبی علاقوں میں اہداف پر حملے کیے، جن میں بارودی سرنگیں بچھانے کی کوشش کرنے والی کشتیاں اور میزائل لانچنگ سائٹس شامل تھیں۔
ماہرین کے مطابق خام تیل کی بلند قیمتیں مہنگائی میں اضافہ کرتی ہیں اور مرکزی بینکوں کو شرح سود زیادہ عرصے تک بلند رکھنے پر مجبور کر سکتی ہیں، جس کا اثر سونے کی قیمت پر منفی پڑتا ہے کیونکہ سونا کوئی منافع نہیں دیتا۔
مارکیٹ میں اس وقت امریکی فیڈرل ریزرو کی جانب سے سال کے آخر تک شرح سود میں اضافے کے امکانات 56 فیصد تک بتائے جا رہے ہیں۔
دوسری جانب چاندی کی قیمت 1.6 فیصد کمی کے ساتھ 76.84 ڈالر فی اونس، پلاٹینم 0.8 فیصد کمی کے ساتھ 1,952.56 ڈالر اور پیلیڈیم 1.2 فیصد کمی کے ساتھ 1,381.27 ڈالر پر آگیا۔


Comments