شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 11 دہشت گرد ہلاک
- شدید فائرنگ کا تبادلے ہوا، بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گردوں سے بھاری اسلحہ برآمد کر لیا، آئی ایس پی آر
سیکیورٹی فورسز نے گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں انٹیلی جنس پر مبنی متعدد آپریشنز کے دوران کالعدم تحریکِ طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) یعنی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 11 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ان کارروائیوں کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشت گرد مارے گئے اور ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ ہلاک ہونے والے دہشت گرد خطے میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں سرگرمِ عمل تھے اور انہیں بیرونی سرپرستی حاصل تھی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ علاقے میں چھپے ہوئے دیگر خوارج کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن (پاکسازی کی مہم) جاری ہے۔عسکری قیادت نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ملک سے دہشت گردی کے جڑ سے خاتمے کے لیے وفاقی حکومت کے وژن عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے خلاف یہ مہم پوری طاقت اور رفتار کے ساتھ جاری رہے گی۔


Comments