سپارکو کی ذوالحج کے چاند اور عید الاضحیٰ کی تاریخ سے متعلق پیشگوئی
- حتمی فیصلہ پاکستان کی مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کرے گی، اعلامیہ
سپارکو (پاکستان اسپیس اینڈ اپر ایٹماسفیئر ریسرچ کمیشن) نے منگل کو بتایا کہ پاکستان میں عید الاضحیٰ 27 مئی کو ہونے کا امکان ہے۔
سپارکو کے مطابق ذوالحج 1447 ہجری کا نیا چاند 17 مئی 2026 کو رات 1 بج کر 1 منٹ پر پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق پیدا ہونے کی توقع ہے۔
سپارکو کے مطابق 17 مئی 2026 کو غروب آفتاب کے وقت نئے چاند کی عمر تقریباً 18 گھنٹے 30 منٹ ہوگی۔ سپارکو نے بتایا کہ پاکستان کے ساحلی علاقوں میں غروب آفتاب اور غروب ماہتاب کے درمیان تقریباً 60 منٹ کا وقفہ متوقع ہے
سپارکو کا کہنا ہے کہ ان فلکیاتی اعدادوشمار کی بنیاد پر 17 مئی 2026 کی شام ذوالحج کا چاند نظر آنے کے امکانات روشن ہیں بشرطیکہ موسم صاف رہے اور افق پر حدِ نگاہ بہتر ہو۔
سپارکو کے مطابق یکم ذوالحج 1447 ہجری بروز پیر 18 مئی 2026 متوقع ہے۔
اس طرح عید الاضحیٰ 27 مئی کو منائے جانے کا امکان ہے۔
تاہم اعلامیہ میں مزید کہا گیا کہ ذوالحج کا چاند نظر آنے اور نئے اسلامی مہینے کے آغاز سے متعلق حتمی فیصلہ پاکستان کی مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کرے گی۔


Comments