وزیراعظم کا ہر سال 10 مئی کو یومِ معرکہ حق کے طور پر منانے کا اعلان
- بھارت نے پہلگام واقعے کو پاکستان پر الزامات کی بوچھاڑ کے لیے بہانے کے طور پر استعمال کیا، شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ میں 10 مئی کو یوم معرکہ حق کے نام سے منسوب کرنے کا اعلان کرتا ہوں، معرکہ حق ہر سال بھرپور جوش وجذبے سے منایا جائے گا۔
وزیراعظم نے یہ اعلان اتوار کو اسلام آباد میں پاکستان مونومنٹ (یادگارِ پاکستان) میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب کے دوران کیا جو معرکہ حق اور آپریشن بنیان مرصوص کی پہلی سالگرہ کے سلسلے میں منعقد کی گئی تھی۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ بھارت نے پہلگام واقعے کو پاکستان کے خلاف الزامات کی بوچھاڑ کرنے کے لیے بطور بہانہ استعمال کیا لیکن ہم نے تحمل کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کو کسی بھی قسم کی مہم جوئی کے خلاف متنبہ کیا تھا اور اس واقعے کی غیر جانبدارانہ عالمی تحقیقات کی پیشکش بھی کی تھی۔
لیکن بزدل دشمن نے ہمیشہ کی طرح رات کی تاریکی میں ہماری مساجد، معصوم بچوں اور شہریوں کو نشانہ بنا کر ہم پر جنگ مسلط کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے فتح میزائلوں نے بھارتی دفاعی نظام کو تباہ کر دیا جبکہ پاک فضائیہ کے شاہینوں نے آسمانوں پر اپنی دھاک بٹھائے رکھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ بالآخر بھارت محض چار گھنٹوں کے اندر ہی جنگ بندی پر آمادہ ہونے پر مجبور ہو گیا۔
شہباز شریف نے پاک فوج کے جوانوں اور افسران کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ شہداء کے خون کے امین اور قوم کی عظیم روایات کے وارث ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس جنگ میں شجاعت اور بہادری کے نئے باب رقم کیے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ تاریخ ہمیشہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی دانشمندانہ اور جرات مندانہ قیادت کو سنہری حروف میں یاد رکھے گی۔
وزیراعظم نے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف کو بھی بھارت کو عبرتناک شکست اور بھاری نقصان پہنچانے پر خراجِ تحسین پیش کیا۔
انہوں نے ان برادر اور دوست ممالک کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے جنگ کے دوران سفارتی محاذ پر پاکستان کی حمایت کی۔
انہوں نے خاص طور پر سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود، ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان اور چینی قیادت کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے بھارت کے خلاف جنگ کے دوران پاکستان کے موقف کی حمایت کی۔
شہباز شریف نے جنگ رکوانے کے لیے بروقت مداخلت پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی خصوصی طور پر تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ نے خطے میں امن کے فروغ کے لیے تاریخی کردار ادا کیا اور لاکھوں جانیں بچائیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ایران میں امن کے قیام کے لیے ہر ممکن کوششیں کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان فلسطینیوں اور غیر قانونی طور پر بھارتی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر کے نہتے عوام کی اس وقت تک حمایت جاری رکھے گا جب تک وہ آزادی کی فضا میں آزادانہ سانس لینے کے قابل نہیں ہو جاتے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج دہشت گردی کو شکست دیں گی اور اسے ہمیشہ کے لیے دفن کر دیں گی۔


Comments