پاور پلانٹ کی مقامی گیس پر منتقلی سے بجلی کی فراہمی میں بہتری آئی، وزارتِ توانائی
- ملک میں پن بجلی کی مجموعی پیداواری صلاحیت 11,500 میگاواٹ ریکارڈ
پاور ڈویژن (پی ڈی) نے بدھ کو بتایا کہ بعض بجلی گھروں کو مقامی گیس کی فراہمی کے باعث بجلی کی پیداوار میں مزید بہتری آئی ہے۔
ایک پریس ریلیز میں پاور ڈویژن نے بتایا کہ منگل کی رات پیک آورز کے دوران پن بجلی کی مجموعی پیداوار 6,000 میگاواٹ رہی۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ ملک میں پن بجلی کی مجموعی پیداواری صلاحیت 11,500 میگاواٹ ہے۔
ترجمان کے مطابق پن بجلی اور مقامی گیس کی اضافی دستیابی پیداوار میں اضافے اور جنوبی خطے سے نیشنل گرڈ میں استحکام کی بدولت وسطی علاقوں (سینٹر) کے لیے مزید 100 میگاواٹ بجلی فراہم کرنا آسان ہوگیا ہے۔
ترجمان کے مطابق ملک کے جنوبی حصے سے مجموعی طور پر 500 میگاواٹ بجلی منتقل کی گئی۔
گزشتہ رات ڈسکوز نے پیک آورز کے دوران 25 منٹ سے لے کر ایک گھنٹے تک کی لوڈ مینجمنٹ کی۔
پریس ریلیز میں کہا گیا کہ رات 8 بجے کے بعد موسم کی صورتحال کے باعث طلب میں کمی کی وجہ سے کوئی لوڈ مینجمنٹ نہیں کی گئی۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ پالیسی کے تحت زیادہ نقصانات والے فیڈرز پر اکنامک لوڈ مینجمنٹ کی جا رہی ہے۔ اکنامک لوڈ مینجمنٹ کا پیک آورز کے دوران کی جانے والی لوڈ مینجمنٹ سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
عالمی حالات کی وجہ سے ایل این جی کی عدم دستیابی کے باعث 5,000 میگاواٹ کی گنجائش رکھنے والے بجلی گھر بجلی پیدا نہیں کررہے ہیں۔
پاور ڈویژن نے کہا کہ ایل این جی کی دستیابی اور پانی کے اخراج میں اضافے سے رات کے وقت بجلی کی کمی (شارٹ فال) ختم ہوجائے گی۔


Comments