آئی ٹی برآمدات سے معیشت کو سہارا
- پاکستان کی آئی ٹی برآمدات خاموشی سے معیشت کے لیے ایک اہم سہارا بنتی جا رہی ہیں
پاکستان کی آئی ٹی برآمدات خاموشی سے معیشت کے لیے ایک اہم سہارا بنتی جا رہی ہیں۔ ایسے وقت میں جب مجموعی تجارتی صورتحال کمزور رہی ہے اور بیرونی کھاتے پر دباؤ مکمل طور پر کم نہیں ہوا، ڈیجیٹل سروسز کا شعبہ مسلسل مستحکم ترقی کر رہا ہے اور قیمتی زرمبادلہ فراہم کر رہا ہے۔
مارچ 2026 میں پاکستان کی آئی ٹی برآمدات 413 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں، جو سالانہ 21 فیصد اور فروری 2026 کے مقابلے میں 13 فیصد زیادہ ہیں۔ یہ کسی ایک ماہ میں ریکارڈ کی گئی دوسری سب سے بڑی آمدنی ہے اور یہ صرف دوسری بار ہے کہ ملک نے ایک ماہ میں 400 ملین ڈالر کی حد عبور کی ہے۔

جولائی تا مارچ مالی سال 2026 کے دوران آئی ٹی برآمدات تقریباً 3.38 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 20 فیصد اضافہ ظاہر کرتی ہیں۔ یہ کارکردگی عالمی سطح پر آئی ٹی سروسز کی مسلسل طلب اور شعبے کی بہتر ہوتی صلاحیت کی عکاسی کرتی ہے، تاہم اس رفتار کو برقرار رکھنا مارکیٹوں کی تنوع اور بیرونی غیر یقینی صورتحال سے نمٹنے کی صلاحیت پر منحصر ہوگا۔
یہ اعداد و شمار اس لیے بھی اہم ہیں کیونکہ مجموعی معاشی صورتحال اب بھی دباؤ کا شکار ہے۔ پاکستان کا وسیع تر تجارتی توازن مکمل طور پر بہتر نہیں ہو سکا، برآمدات میں مطلوبہ رفتار نہیں آئی جبکہ درآمدی دباؤ برقرار ہے۔
اگرچہ مارچ میں کرنٹ اکاؤنٹ میں سرپلس دیکھا گیا، لیکن یہ بہتری سامان کی برآمدات میں بڑی تبدیلی کے باعث نہیں آئی بلکہ زیادہ تر ترسیلات زر اور سروسز کی آمدن کی وجہ سے ممکن ہوئی۔

سروسز کی برآمدات مسلسل بہتر کارکردگی دکھا رہی ہیں، جو مالی سال 26 کے ابتدائی 9 ماہ میں 17 فیصد اضافے کے ساتھ 7.35 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہیں۔ اس کی بڑی وجہ ٹرانسپورٹ اور ٹریول جیسے شعبوں سے ہٹ کر زیادہ قدر والی سروسز جیسے آئی ٹی اور دیگر کاروباری خدمات (او بی ایس) کی طرف ساختی تبدیلی ہے۔
او بی ایس کی برآمدات مالی سال 26 کے ابتدائی 9 ماہ میں سالانہ 28 فیصد بڑھیں اور اب یہ مجموعی سروسز برآمدات کے 20 فیصد حصے سے زیادہ بنتی ہیں، جو پیشہ ورانہ اور علم پر مبنی خدمات کے بڑھتے ہوئے کردار کو ظاہر کرتی ہیں۔ یہ تبدیلی برآمدات میں استحکام کو بہتر بناتی ہے، تاہم اس کا تسلسل مہارتوں میں سرمایہ کاری، ریگولیٹری بہتری اور ڈیجیٹل انفرااسٹرکچر پر انحصار کرے گا۔
حکومت نے مالی سال 2026 کے لیے آئی ٹی برآمدات کا ہدف 5 ارب ڈالر مقرر کیا ہے، تاہم زیادہ تر تجزیہ کاروں کے مطابق حقیقت پسندانہ نتیجہ تقریباً 4.5 ارب ڈالر ہو سکتا ہے، جو مالی سال 2025 کی 3.8 ارب ڈالر برآمدات کے مقابلے میں 18 سے 20 فیصد اضافہ ہوگا۔

یہ فرق بنیادی ساختی رکاوٹوں کی وجہ سے ہے، جن میں کمزور انٹرنیٹ انفراسٹرکچر، ریگولیٹری پیچیدگیاں اور فری لانسرز کو اپنی آمدن رسمی چینلز کے ذریعے لانے میں درپیش مشکلات شامل ہیں۔
طویل المدتی ہدف اس سے بھی زیادہ بلند ہے۔ اُڑان پاکستان کے تحت ہدف ہے کہ مالی سال 2029 تک آئی ٹی برآمدات کو 10 ارب ڈالر تک پہنچایا جائے، جس کے لیے سالانہ تقریباً 27 فیصد نمو درکار ہوگی۔ اگر یہ حاصل ہو جائے تو پاکستان کے برآمداتی ڈھانچے میں نمایاں تبدیلی آئے گی اور ملک کی ٹیکنالوجی برآمد کنندہ کے طور پر حیثیت مضبوط ہوگی۔


Comments