امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپیہ مزید مضبوط
- ڈالر کے مقابلے میں روپیہ ایک پیسے کی بہتری سے 279.50 روپے پر بند
انٹربینک مارکیٹ میں جمعرات کو بھی ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے مقابلے میں روپیہ ایک پیسے کی بہتری سے 279.50 روپے پر بند ہوا۔
یاد رہے کہ بدھ کو مقامی کرنسی 279.51 روپے پر بند ہوئی تھی۔
دریں اثنا جمعرات کو ایشیائی تجارتی سیشن کے دوران ڈالر نے کمزوری کے ساتھ دن کا آغاز کیا کیونکہ این ویڈیا کی متوقع سے بہتر آمدنی نے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بڑھایا اور مارکیٹس امریکی درآمدی اشیاء پر نئے ٹیرف کی تفصیلات کے منتظر رہیں۔
مالیاتی منڈیاں اب بھی تقریباً متفقہ طور پر اس بات پر یقین رکھتی ہیں کہ فیڈرل ریزرو کے آئندہ اجلاس میں امریکی شرحِ سود میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔ سی ایم ای گروپ کے فیڈ واچ ٹول کے مطابق فیڈ فنڈز فیوچرز اس بات کے 98 فیصد امکان کی عکاسی کر رہے ہیں کہ امریکی مرکزی بینک 18 مارچ کو ہونے والے اپنے اگلے دو روزہ اجلاس میں شرحِ سود کو برقرار رکھے گا، یہ شرح ایک دن پہلے کے مقابلے میں تقریباً غیر تبدیل شدہ ہے۔
آف شور ٹریڈنگ (بیرونی منڈیوں) میں چینی یوآن کے مقابلے میں امریکی ڈالر 6.854 یوآن پر مستحکم رہا جو کہ چینی کرنسی کے لیے گزشتہ تین سالوں کی مضبوط ترین سطح ہے۔
یورو کی قدر بھی 1.1815 ڈالر پر برقرار رہی جبکہ برطانوی پاؤنڈ میں بھی معمولی تبدیلی دیکھی گئی اور وہ 1.3555 ڈالر پر ٹریڈ ہوا۔
آسٹریلوی ڈالر 0.7127 ڈالر پر مستحکم رہا جبکہ نیوزی لینڈ کا ڈالر اپنے امریکی ہم منصب کے مقابلے میں مختصر وقت کے لیے 0.60 ڈالر کی سطح سے نیچے گرا مگر بعد میں سنبھل گیا اور آخری اطلاعات کے مطابق 0.6001 ڈالر پر مستحکم ٹریڈ ہوا۔اسی طرح یو اے ای درہم کی خریداری میں 1 پیسے کی کمی ہوئی جبکہ فروخت کی قیمت 77.17 روپے پر برقرار رہی جبکہ سعودی ریال کی خریداری میں 1 پیسے کی کمی لیکن فروخت کی قیمت میں 1 پیسے کا اضافہ دیکھا گیا، جس کے بعد نرخ بالترتیب 74.77 اور 75.37 روپے رہے۔
بٹ کوائن کی قیمت میں گراوٹ کا سلسلہ جاری رہا اور یہ 1.0 فیصد کمی کے ساتھ 68,218.64 ڈالر پر بند ہوا جبکہ ایتھر کی قیمت 1.9 فیصد کی بڑی گراوٹ کے ساتھ 2,060.31 ڈالر تک گرگئی۔
مزید برآں جمعرات کو تیل کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی جس کی بڑی وجہ گزشتہ تین سال کے دوران امریکی خام تیل کے ذخائر میں ہونے والا سب سے بڑا اضافہ ہے۔ فزیکل آئل مارکیٹ میں کمزوری کے آثار بھی قیمتوں پر اثر انداز ہوئے، جبکہ تاجر امریکہ اور ایران کے درمیان ہونے والے مذاکرات کے سپلائی پر پڑنے والے اثرات کا جائزہ لے رہے ہیں۔
برینٹ خام تیل کے سودے 1.05 ڈالر یا 1.5 فیصد کمی کے ساتھ 69.80 ڈالر فی بیرل پر آگئے، جبکہ ڈبلیو ٹی آئی فیوچرز 1.26 ڈالر یا 1.9 فیصد کی گراوٹ کے ساتھ 64.16 ڈالر پر بند ہوئے۔
انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کے نرخ:
قیمت خرید: 279.50 روپے
قیمت فروخت: 279.70 روپے
اوپن مارکیٹ کی صورتحال: اوپن مارکیٹ میں پاکستانی روپے کی قدر میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں خریداری کی حد تک 1 پیسے کی کمی ہوئی جبکہ فروخت کی قیمت مستحکم رہی، جس کے بعد قیمتیں بالترتیب 279.98 اور 280.56 روپے پر بند ہوئیں۔
اوپن مارکیٹ میں ڈالر کے نرخ:
قیمت خرید: 279.98 روپے
قیمت فروخت: 280.56 روپے


Comments