اسلام آباد دھماکے کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب نے بسنت تقریبات منسوخ کر دیں
- پنجاب کی وزیر اطلاعات نے بھی تمام بسنت تقریبات منسوخ ہونے کی تصدیق کر دی
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے جمعہ کے روز اسلام آباد میں ہلاکت خیز دھماکے ، جس میں درجنوں افراد جاں بحق اور زخمی ہوئے، کے بعد ہفتہ کو ہونے والی بسنت سے متعلق تمام سرگرمیاں منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ایکس پر ایک پوسٹ میں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ لاہور کے لبرٹی اسکوائر میں منعقد ہونے والا بسنت کا میگا شو بھی، ان کے بقول ”اسلام آباد کے سانحے“ کے تناظر میں منسوخ کر دیا گیا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ یہ ضروری ہے کہ قوم خوارج کی لعنت اور ان کے ہمدردوں کے خلاف متحد رہے، ان پر کوئی رحم نہ کرے اور ملک کے دفاع میں ہماری مسلح افواج کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہو۔
پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے بعد میں تصدیق کی کہ بسنت کی تمام تقریبات منسوخ کر دی گئی ہیں، ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت غم کی گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گرد پاکستان کے مثبت امیج کو دنیا کے سامنے آنے سے روکنا چاہتے ہیں لیکن اس بات پر زور دیا کہ قوم خوف کے سامنے نہیں جھکے گی۔
تین روزہ بسنت تہوار کا آغاز جمعہ کو لاہور میں اس وقت ہوا جب پنجاب حکومت نے دو دہائیوں سے زائد عرصے سے عائد پابندی کو باضابطہ طور پر ہٹا دیا تھا، حکام نے پتنگ بازی سے متعلق حادثات کو روکنے کے لیے سخت حفاظتی اقدامات نافذ کیے تھے۔
اس سے قبل سندھ حکومت نے کامن ویلتھ پارلیمنٹرینز ایسوسی ایشن کے لیے منعقدہ کلچرل نائٹ کا میوزیکل سیگمنٹ بھی منسوخ کردیا تھا۔ سندھ کے وزیراطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا کہ آنے والے مندوبین کے اعزاز میں عشائیہ متاثرین کے احترام میں موسیقی کے بغیر دیا جائے گا۔
حکام نے بتایا کہ اسلام آباد کے علاقے ترلائی میں نماز جمعہ کے دوران امام بارگاہ خدیجہ الکبریٰ کے اندر خودکش بمبار نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا جس کے نتیجے میں کم از کم 31 افراد شہید اور 169 زخمی ہو گئے۔


Comments