پاکستان اور چین کے درمیان زرعی مصنوعات کی تجارت بڑھانے پر اتفاق
- وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان سے پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ سے ملاقات
پاکستان اور چین کے درمیان بدھ کو زرعی مصنوعات کی دوطرفہ تجارت کو وسعت دینے کیلئے ٹھوس مواقع کی نشاندہی پر بات چیت ہوئی۔
وزارتِ تجارت کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان اور پاکستان میں تعینات چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ کے درمیان ایک اعلیٰ سطح کی ملاقات ہوئی۔ یہ ملاقات جاری ’پاکستان-چین ایگریکلچر انویسٹمنٹ کانفرنس‘ کے موقع پر (سائیڈ لائنز پر) منعقد ہوئی۔
ملاقات کے دوران وفاقی وزیر نے تجارتی نمو کو تیز کرنے اور دونوں دوستوں کے درمیان اقتصادی شراکت داری کو مزیدمضبوط کرنے کے لیے بی ٹو بی ذرائع کے ساتھ ساتھ، جی ٹو جی کے تعاون کو بروئے کار لانے پر خصوصی زور دیا۔
دونوں فریقین نے تجارت کی موجودہ صورتحال اور اس میں توسیع کے ممکنہ راستوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔
بیان کے مطابق چینی سفیر نے مضبوط زرعی تجارت کے کلیدی کردار کا اعتراف کیا اور چین کے موجودہ درآمدی ریگولیٹری فریم ورک (قوانین و ضوابط) کا ایک جائزہ پیش کیا۔
دونوں فریقین نے بات چیت کے تسلسل کے ذریعے اس مثبت رفتار کو برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔
ملاقات کا اختتام خوشگوار انداز میں ہوا، جو پاک-چین شراکت داری کی پائیدار مضبوطی اور لچک کا عکاس ہے، جو نئے معاشی مواقع اور مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے مسلسل آگے بڑھ رہی ہے۔


Comments