وزیراعظم کی اسٹیٹ بینک کو ایس ایم ایز اور زرعی شعبے کیلئے قرضوں کا طریقہ کار سادہ بنانے کی ہدایت
- شہباز شریف نے قرضوں کے حصول کے عمل کو آسان بنانے کے لیے ذیلی کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان کردیا
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اسلام آباد میں مالیاتی شمولیت اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز)، اسٹارٹ اپس اور چھوٹے کسانوں کے لیے قرضوں کی سہولت کے حوالے سے اعلیٰ سطح کے جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔ پی ایم آفس کے مطابق اجلاس کے دوران وزیراعظم نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو ہدایت کی کہ بینکنگ سیکٹر سے ایس ایم ایز اور زرعی شعبے کے لیے قرضوں کے حصول کے عمل کو مزید سادہ بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ زراعت میں جدت کو فروغ دینے کے لیے سروس فراہم کرنے والے اداروں کو ترجیحی بنیادوں پر کریڈٹ کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
وزیراعظم نے ریمارکس دیے کہ ترقی یافتہ ممالک میں ایس ایم ایز معیشت اور صنعت کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے یہ ہدایت بھی کی کہ نئے کاروبار شروع کرنے اور اقتصادی سرگرمیوں کو تحریک دینے کے لیے نوجوانوں کو انٹرپرینیورشپ (کاروباری مہارت) کی تربیت فراہم کی جائے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر اور سمیڈا کی ٹیم کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر سمیت تمام صوبوں کا دورہ کریں ،تاکہ ایس ایم ایز کی سہولت کے لیے ایک جامع پالیسی مرتب کی جا سکے۔
وزیراعظم نے کہا کہ نجی شعبے بالخصوص ایس ایم ایز اور چھوٹے کسانوں کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے حصول کی خاطر قرضوں کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وہ ذاتی طور پر اس پیش رفت کی باقاعدگی سے نگرانی کریں گے اور قرضوں کے طریقہ کار کو آسان بنانے کے لیے ایک ذیلی کمیٹی تشکیل دیں گے۔
اجلاس کو نجی شعبے کے قرضوں میں نمایاں اضافے کے بارے میں بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ 2021-22 کے مقابلے میں دسمبر 2025 تک نجی شعبے کے قرض لینے والوں کی تعداد دگنی ہو کر 3 لاکھ 3 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ قرضوں کا حجم 1.1 ٹریلین روپے تک پہنچ گیا ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس سال قرضوں سے مستفید ہونے والے کسانوں کی تعداد 30 لاکھ تک پہنچنے کا امکان ہے، جو گزشتہ سال 28 لاکھ تھی۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ کمرشل بینک نئے کاروباروں اور جدید مشینری بشمول لائیو اسٹاک اور ماہی گیری جیسے شعبوں کے لیے قرضوں کو ترجیح دے رہے ہیں۔ پی ایم آفس کے مطابق مرکزی بینک نے چھوٹے کسانوں کی سہولت کے لیے مکمل طور پر ڈیجیٹل زرخیز ایپ لانچ کر دی ہے۔
ایس ایم ایز کے لیے مالیاتی انتظام اور آگاہی کے حوالے سے تربیتی پروگرام جلد شروع کیا جائے گا، جبکہ جدید زرعی مشینری کے لیے سروس فراہم کرنے والوں کو قرض دینے کا پروگرام پنجاب میں پہلے ہی فعال ہے۔
اس اجلاس میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد اور تمام صوبوں و علاقوں کے چیف سیکریٹریز نے شرکت کی۔


Comments