86 فیصد پاکستانی 2026 کے بارے میں پُرامید، سروے میں سیاست، کیریئر اور کرکٹ پر اعتماد کا اظہار
- 84 فیصد افراد نے باالمشافہ ملاقات سے زیادہ آن لائن سماجی تعلقات کو اہم قرار دیا
نئی سروے رپورٹ کے مطابق پاکستانیوں کی اکثریت 2026 کے بارے میں پُرامید ہے، جہاں 86 فیصد افراد نے آنے والے سال کے حوالے سے مثبت رجحان ظاہر کیا ہے۔
ایپسوس پریڈیکشنز سروے 2026 کے نتائج کے مطابق 63 فیصد شرکاء نے 2026 میں سیاسی استحکام کی توقع ظاہر کی، جو ملک کے سیاسی منظرنامے کے حوالے سے نسبتاً مستحکم رویہ کی عکاسی کرتا ہے۔
ڈیجیٹل رویوں میں بھی تبدیلی کی توقع ہے۔ 84 فیصد پاکستانیوں نے کہا ہے کہ وہ باالمشافہ ملاقات کی بجائے آن لائن سماجی رابطوں کو ترجیح دیں گے، جبکہ تقریباً نصف شرکاء (49 فیصد) نے آئندہ (اس) سال سوشل میڈیا کے استعمال کو کم کرنے کے ارادے ظاہر کیے ہیں۔
سماجی تبدیلی کے حوالے سے توقعات بھی مضبوط ہیں، جہاں 70 فیصد شرکاء نے 2026 میں خواتین کے زیادہ قائدانہ کردار کی توقع ظاہر کی ہے۔
سروے کے نتائج سے یہ بھی ظاہر ہوا کہ پاکستانیوں نے ذاتی اہداف پر توجہ بڑھا دی ہے۔ تقریباً 75 فیصد نے بتایا کہ انہوں نے 2026 کے لیے نئے عزم و ارادے طے کیے ہیں، جو 2025 میں 50 فیصد افراد کے مقابلے میں نمایاں اضافہ ہے۔ گزشتہ سال اہداف مقرر کرنے والے افراد میں سے 60 فیصد نے انہیں حاصل کرنے کی رپورٹ دی۔
کیریئر کی ترقی اور مالی استحکام آئندہ سال کے سب سے بڑے ترجیحی شعبے قرار پائے، جہاں 43 فیصد شرکاء نے کیریئر سے متعلق اہداف اور 34 فیصد نے مالیاتی اہداف کی نشاندہی کی، جو دیگر ذاتی ترجیحات سے آگے ہیں۔
کھیلوں کے شعبے میں بھی پُرامیدی برقرار ہے، کیونکہ 59 فیصد شرکاء نے توقع ظاہر کی کہ پاکستان کرکٹ ٹیم 2026 میں بہتر کارکردگی دکھائے گی۔
سروے نے اعلیٰ سطح کی سیاسی صورتحال پر بھی رائے معلوم کی، جہاں 58 فیصد شرکاء نے توقع ظاہر کی کہ سابق وزیراعظم عمران خان 2026 میں جیل میں رہیں گے۔
اگرچہ سروے میں نمونہ کی تعداد یا فیلڈ ورک کی تاریخیں ظاہر نہیں کی گئیں، لیکن نتائج سے عوامی جذبات کی جھلک ملتی ہے، جو نئے سال میں امید، اور سماجی، سیاسی اور ذاتی توقعات میں تبدیلی کو اجاگر کرتی ہے۔


Comments
Comments are closed.