ٹیکس تعاون کے فروغ کے لیے بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر اور این بی آر کے وفد کا ایف بی آر کا دورہ
- وفد پاکستان کے پانچ روزہ دورے پر ہے
پاکستان اور بنگلہ دیش نے دوطرفہ معاشی تعلقات کو مضبوط بنانے اور بین الاقوامی ٹیکسیشن کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
یہ پیش رفت اسلام آباد میں بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر محمد اقبال حسین خان اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین راشد محمود لنگڑیال کے درمیان ملاقات کے دوران سامنے آئی۔
ملاقات میں دونوں فریقین نے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو اجاگر کیا اور تجارت و معاشی تعاون کو فروغ دینے کے لیے نئے مواقع تلاش کرنے پر اتفاق کیا۔
بنگلہ دیش کے نیشنل بورڈ آف ریونیو (این بی آر) کا اعلیٰ سطح وفد، جس کی قیادت محمد لطف العظیم، ممبر (انٹرنیشنل ٹیکسز) کر رہے ہیں، 22 سے 26 دسمبر تک پاکستان کے پانچ روزہ سرکاری دورے پر ہے۔
وفد کا مقصد پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان موجودہ ڈبل ٹیکسیشن کنونشن میں ترمیم کے لیے ایک پروٹوکول پر مشاورت کا آغاز کرنا ہے۔ مجوزہ اپ ڈیٹ کا محور عالمی سطح پر بدلتے معیارات کے مطابق دہری ٹیکس وصولی سے بچاؤ اور مالی بے ضابطگیوں کی روک تھام ہوگا۔
دورے کے پہلے روز وفد نے ایف بی آر کے حکام سے ملاقات کی، جن میں اقبال خان، ممبر (ایڈمنسٹریشن) اور آفتاب عالم، ڈائریکٹر جنرل (انٹرنیشنل ٹیکسز) شامل تھے۔ ملاقات میں بین الاقوامی ٹیکسیشن سے متعلق امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا اور باقاعدہ روابط کے ذریعے ادارہ جاتی تعاون کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
یہ دورہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان معاشی تعاون کے فروغ اور باہمی مفاد کے لیے ٹیکس پالیسیوں کو ہم آہنگ بنانے کے جاری عزم کی عکاسی کرتا ہے۔


Comments