پاکستانی پولیس افسر ارم خانم کی بڑی کامیابی ، ورلڈ پاور لفٹنگ میں دو سونے کے تمغے جیت لیے
- انسپکٹر ارم نے پاور لفٹنگ کیٹیگری اور ڈیڈ لفٹ دونوں مقابلوں میں بھارتی حریف کو شکست دے کر پہلی پوزیشن اپنے نام کی
راولپنڈی پولیس کی لیڈی انسپکٹر ارم خانم نے سری لنکا میں ہونے والی ورلڈ پاور لفٹنگ چیمپئن شپ 2025 میں دو سونے کے تمغے جیت لیے، جہاں انہوں نے دونوں کیٹیگریز میں سرفہرست بھارتی مد مقابل کھلاڑیوں کو شکست دے کر پہلی پوزیشن حاصل کی۔
پولیس حکام کے مطابق ارم خانم نے پاور لفٹنگ ایونٹ اور ڈیڈ لفٹ مقابلے میں سونے کے تمغے اپنے نام کیے، جو پنجاب پولیس اور پاکستان کے لیے ایک بڑی بین الاقوامی کامیابی ہے۔ ان کی اس جیت کو محکمے بھر میں وسیع پیمانے پر سراہا گیا۔
یاد رہے کہ انسپکٹر ارم اس سے قبل بھی قومی سطح کے مقابلوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتی رہی ہیں۔ رواں سال 4 اکتوبر کو راولپنڈی میں ہونے والی انٹر ریجن آرچری چیمپئن شپ میں انہوں نے ایک گولڈ اور دو سلور میڈلز جیتے تھے۔
اس کے بعد 23 اکتوبر کو فاروق آباد میں ہونے والی پاور لفٹنگ چیمپئن شپ میں بھی انہوں نے ایک اور سونے کا تمغہ حاصل کیا، جس سے وہ پولیس سروس کی نمایاں ترین خاتون ایتھلیٹس میں شمار ہونے لگی ہیں۔
راولپنڈی واپسی پر انہیں سٹی پولیس آفس میں خوش آمدید کہا گیا، جہاں پولیس اہلکاروں نے ان کی کارکردگی پر بھرپور تالیاں بجا کر استقبال کیا۔
سٹی پولیس آفیسر سید خالد حمدانی نے اس کامیابی پر انہیں مبارکباد دی اور انہیں پنجاب پولیس کا روشن ستارہ قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ارم خانم کی کامیابی نہ صرف پولیس محکمے بلکہ پورے ملک کے لیے فخر کا باعث ہے۔


Comments
Comments are closed.