چیلنجز کے باوجود پاکستانی کمپنیاں تیزی سے آگے بڑھ رہی ہیں ، جام کمال
- وفاقی وزیرِ تجارت نے کراچی میں فوڈ ایگ 2025 ایکسپو کا افتتاح کردیا ، 500 کمپنیاں شریک
وفاقی وزیر تجارت جام کمال نے کراچی ایکسپو سینٹر میں بین الاقوامی خوراک اور زراعت کی تیسری نمائش فوڈ ایگ 2025 کا افتتاح کیا۔
پریس انفارمیشن ڈپارٹمنٹ (پی آئی ڈی) سندھ کی جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق 25 تا 27 نومبر 2025 تک جاری رہنے والی اس نمائش میں 500 سے زائد کمپنیوں اور 80 سے زائد ممالک کے 850 سے زائد بین الاقوامی خریداروں کو ایک جگہ اکٹھا کیا گیا ہے۔ جس کا موضوع جدت کو کاشت کرنا، پائیداری کو فروغ دینا ہے۔ یہ نمائش ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹداپ) کے زیر اہتمام وزارتِ تجارت کی سربراہی میں منعقد کی گئی ہے۔
تقریب کے باقاعدہ آغاز کے بعد وزیر تجارت نے نمائش کے ہالز کا دورہ کیا اور نمائش کنندگان سے ملاقات کی اور وہاں پیش کی جانے والی مصنوعات کا جائزہ بھی لیا۔
افتتاحی تقریب کے دوران وفاقی وزیر نے کہا کہ تقریباً تمام بڑے ممالک کے نمائندے پاکستان میں موجود ہیں، جو ملک کی تجارت اور معاشی صلاحیت پر عالمی اعتماد کی علامت ہے۔
تقریب میں 850 سے زائد غیر ملکی وفود شریک ہیں، جنہوں نے پاکستان کے زرعی اور صنعتی شعبوں میں وسیع مواقع تسلیم کیے۔
جام کمال نے مزید کہا کہ پاکستانی کمپنیوں نے حالیہ برسوں میں نمایاں ترقی ، معیاری مصنوعات تیار کی ہیں اور بین الاقوامی مارکیٹ میں جگہ بنائی ہے۔
انہوں نے برآمدات کے حجم اور معیار کو مزید بہتر بنانے پر زور دیا اور کہا کہ چیلنجز کے باوجود پاکستانی کمپنیاں تیزی سے آگے بڑھ رہی ہیں جنہیں حکومت کی معاونت حاصل ہے۔
جام کمال نے بتایا کہ حکومت معاشی چیلنجز کا مسلسل جائزہ لے رہی ہے، بجلی کے نرخوں میں کمی اور سود و مہنگائی میں کمی ہوئی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ای ایف سی چارج ختم کر کے برآمد کنندگان کا دیرینہ مطالبہ پورا کر دیا ہے اور پاکستان پرانے ایس ٹی ایز سے دوبارہ مذاکرات کےلیے متحرک ہے جب کہ نئے ایم ٹی ایز جی سی سی کے ساتھ منظور اور امریکہ و برطانیہ کے ساتھ تجارتی تعلقات مضبوط ہو رہے ہیں۔
نمائش میں ایشیا، یورپ، مشرق وسطیٰ، جی سی سی ، افریقہ اور دیگر ممالک سے 800 سے زائد خریدار شریک ہیں، جن میں چین، ملائیشیا، انڈونیشیا، کینیڈا، امریکہ اور روس کے بڑے تجارتی گروپس شامل ہیں۔
فوڈ ایگ 2025 کا مقصد خوراک کی پیداوار، پراسیسنگ اور برآمدات میں جدید پیش رفت کو اجاگر کرنا اور پاکستان کو عالمی خوراکی سلامتی میں کلیدی شراکت دار کے طور پر پیش کرنا ہے۔
نمائش کا اہم حصہ گلوبل کزن شو 2025 ہے، جس میں 350 سے زائد پاکستانی برآمد کنندگان اپنی اعلیٰ مصنوعات بین الاقوامی خریداروں کے سامنے پیش کریں گے۔
اسی طرح 15 سے زائد بین الاقوامی شیفز لائیو کوکنگ، ماسٹر کلاسز اور میڈیا انٹریکشنز میں حصہ لے کر پاکستانی اجزاء اور ذائقوں کو عالمی سطح پر متعارف کرا رہے ہیں۔


Comments
Comments are closed.