اکتوبر، ترسیلاتِ زر کی مد میں 3.4 ارب ڈالر موصول
- جولائی تا اکتوبر ترسیلاتِ زر کا مجموعی حجم 12.9 ارب ڈالر رہا
بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی ترسیلاتِ زر کا حجم اکتوبر 2025 میں 3.4 ارب ڈالر رہا۔
اسٹیٹ بینک کے جمعہ کو جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق ترسیلاتِ زر میں سالانہ تقریباً 12 فیصد اضافہ ہوا جو گزشتہ سال کی اسی مدت میں 3.1 ارب ڈالر تھیں۔ ماہانہ ترسیلات میں 7 فیصد سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جو ستمبر میں 3.2 ارب ڈالر تھیں۔
رواں مالی سال کے پہلے 4 ماہ (جولائی تا اکتوبر) کے دوران ترسیلاتِ زر کا مجموعی حجم 12.9 ارب ڈالر رہا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 11.9 ارب ڈالر تھا، اس طرح ترسیلات میں 9.3 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
ترسیلاتِ زر ملک کے بیرونی کھاتوں کو سہارا دینے، پاکستان کی معاشی سرگرمیوں کو متحرک رکھنے اور ترسیلات پر انحصار کرنے والے گھرانوں کی قابلِ خرچ آمدنی میں اضافے کے لیے نہایت اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
اسی دوران حکومت ترسیلاتِ زر میں مسلسل اضافے اور معاشی استحکام میں اُن کے مؤثر کردار کو یقینی بنانے کیلئے مراعات اور باضابطہ چینلز کے استعمال کو فروغ دے رہی ہے۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق پاکستان ریمیٹنس انیشی ایٹو (پی آر آئی) 2009 سے ملک میں ترسیلاتِ زر کو باضابطہ ذرائع کے ذریعے فروغ دینے کے لیے سرگرم ہے۔ مالیاتی اداروں (ایف آئیز) کے ساتھ فعال رابطوں کے نتیجے میں، پی آر آئی نیٹ ورک پر موجود اداروں کی تعداد 2009 میں تقریباً 25 سے بڑھ کر 2024 میں 50 سے زائد ہو چکی ہے۔ ان اداروں میں روایتی بینک، اسلامی بینک، مائیکروفنانس بینک، اور ایکسچینج کمپنیاں (ایس سیز) شامل ہیں۔
مزید برآں الیکٹرانک منی انسٹی ٹیوشنز (ای ایم آئیز) کو بھی بینکوں کے ذریعے ترسیلاتِ زر وصول کرنے کی اجازت ہے۔ بین الاقوامی اداروں کی تعداد 2009 میں تقریباً 45 سے بڑھ کر اس وقت تقریباً 400 تک پہنچ چکی ہے۔
ترسیلاتِ زر کی تفصیل
اکتوبر 2025 میں سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں نے سب سے زیادہ رقوم پاکستان ارسال کیں جن کی مالیت 821 ملین ڈالر رہی، یہ رقم ماہانہ بنیادوں پر 9 فیصد زیادہ تھی جبکہ گزشتہ سال اسی ماہ بھیجے گئے 767 ملین ڈالر کے مقابلے میں 7 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
متحدہ عرب امارات (یو اے ای) سے ترسیلاتِ زر میں سالانہ 12 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اکتوبر 2025 میں بھیجی گئی رقوم 621 ملین ڈالر سے بڑھ کر 698 ملین ڈالر ہوگئیں ۔
اکتوبر 2025 میں برطانیہ (یو کے) سے ترسیلاتِ زر 488 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئیں جو ستمبر 2025 کے 455 ملین ڈالر کے مقابلے میں 7 فیصد زیادہ ہیں۔ برطانیہ سے آنے والی ترسیلات میں سالانہ 13 فیصد اضافہ ہوا۔
اکتوبر 2025 کے دوران امریکہ میں مقیم پاکستانیوں نے 290 ملین ڈالر پاکستان بھیجے، جو سالانہ 4 فیصد کمی کو ظاہر کرتا ہے، تاہم ان ترسیلات میں ماہانہ 8 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
دریں اثنا یورپی یونین ممالک سے ترسیلاتِ زر اکتوبر میں 457 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئیں، جو سالانہ بنیادوں پر 27 فیصد کے نمایاں اضافے کو ظاہر کرتی ہیں۔


Comments
Comments are closed.