اسٹیٹ بینک نے سرکاری سیکیورٹیز میں ڈیجیٹل سرمایہ کاری کیلئے انویسٹ پاک پورٹل کا آغاز کردیا
- یہ ویب بیسڈ پورٹل مالیاتی اداروں کے صارفین کو انویسٹر پورٹ فولیو آف سیکیورٹیز کے ڈیجیٹل اکاؤنٹس کھولنے، سرکاری سیکیورٹیز کی بنیادی نیلامیوں میں بولی لگانے کی سہولت فراہم کرے گا
پاکستان میں مالیاتی ڈیجیٹائزیشن کی جانب ایک اہم اقدام کے طور پر اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے انویسٹ پاک کے نام سے ایک نیا ڈیجیٹل انویسٹمنٹ پلیٹ فارم متعارف کرایا ہے، جس کا مقصد انفرادی اور کارپوریٹ سرمایہ کاروں کے لیے سرکاری سیکیورٹیز میں سرمایہ کاری کے عمل کو ڈیجیٹل اور آسان بنانا ہے۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق، یہ ویب بیسڈ پورٹل مالیاتی اداروں کے صارفین کو انویسٹر پورٹ فولیو آف سیکیورٹیز (آئی پی ایس) کے ڈیجیٹل اکاؤنٹس کھولنے، سرکاری سیکیورٹیز کی بنیادی نیلامیوں میں بولی لگانے اور سیکنڈری مارکیٹ میں سیکیورٹیز کی خرید و فروخت کرنے کی سہولت فراہم کرے گا، وہ بھی کسی بینک یا ادارے میں جائے بغیر ایسا کرسکتے ہیں۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق، تمام افراد، مشترکہ اکاؤنٹ ہولڈرز اور کارپوریٹس جن کے پاس پاکستانی روپے کے بینک اکاؤنٹس ہیں، وہ اپنے آئی بی اے این کے ذریعے انویسٹ پاک پر ڈیجیٹل رجسٹریشن کر سکتے ہیں۔ اگر کسی صارف کے پاس پہلے سے آئی پی ایس اکاؤنٹ نہیں ہے تو وہ اسی پورٹل کے ذریعے متعلقہ مالیاتی ادارے سے اکاؤنٹ کھلوانے کی درخواست دے سکتا ہے۔
انوئیسٹ پاک کے ذریعے سرمایہ کار سرکاری سیکیورٹیز کی بنیادی نیلامیوں میں مسابقتی یا غیر مسابقتی بولیاں جمع کروا سکیں گے اور ثانوی مارکیٹ میں سیکیورٹیز کی خرید و فروخت کے لیے اپنے بینکوں سے لائیو کوٹس طلب کر سکیں گے۔ تمام ٹرانزیکشنز خودکار طور پر سرمایہ کار کے پورٹ فولیو میں ظاہر ہوں گی تاکہ شفافیت اور درستگی برقرار رہے۔
اسٹیٹ بینک نے کہا کہ سرکاری سیکیورٹیز کی نیلامیاں پورٹل پر بینک کے جاری کردہ کیلنڈر کے مطابق ترتیب دی جائیں گی اور مالیاتی ادارے اس بات کے پابند ہوں گے کہ وہ اپنے رجسٹرڈ صارفین کو نیلامیوں میں شرکت کی سہولت فراہم کریں۔
پورٹل میں شکایات کے اندراج اور ان کے ازالے کے لیے ایک کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم بھی شامل ہے، جس کے ذریعے صارفین اپنی شکایات آن لائن درج اور ٹریک کر سکیں گے۔
اسٹیٹ بینک نے ہدایت کی کہ تمام بینک اور پرائمری ڈیلرز اپنے صارفین کو پورٹل پر رجسٹریشن کی سہولت فراہم کریں، جبکہ مائیکروفنانس بینکوں کو بھی اس میں شامل ہونے کی ترغیب دی گئی ہے۔ مرکزی بینک نے کہا کہ مالیاتی ادارے صارفین کو بہترین سروس اور آسان تجربہ فراہم کرنے کے لیے مناسب وسائل مختص کریں۔
انوئیسٹ پاک پورٹل 6 نومبر 2025 سے باضابطہ طور پر فعال ہو جائے گا، جو مالیاتی شعبے میں ڈیجیٹلائزیشن کے فروغ کے لیے اسٹیٹ بینک کے اقدامات میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔


Comments
Comments are closed.