پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے بیان کے مطابق زمبابوے کرکٹ نے ٹی ٹوئنٹی تین ملکی سیریز میں شرکت کی دعوت قبول کر لی ہے، جس میں سری لنکا بھی شامل ہوگا۔ یہ سیریز 17 سے 29 نومبر تک راولپنڈی اور لاہور میں کھیلی جائے گی۔
یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی جب افغانستان کرکٹ بورڈ (اے سی بی) نے افغانستان کے صوبہ پکتیکا میں ہونے والے ایک حملے کے بعد سیریز سے دستبرداری کا اعلان کیا، جس میں اے سی بی کے مطابق تین کرکٹرز اور پانچ دیگر افراد جاں بحق ہوئے۔
پاکستان میں منعقد ہونے والی یہ پہلی تین ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز ہے، جسے آئندہ سال بھارت اور سری لنکا میں ہونے والے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاری کے طور پر شیڈول کیا گیا ہے۔
تین ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آغاز 17 نومبر کو ہوگا، جب میزبان پاکستان راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں زمبابوے کے خلاف میدان میں اُترے گا۔ دوسرا میچ 19 نومبر کو اسی مقام پر سری لنکا اور زمبابوے کے درمیان کھیلا جائے گا۔
راولپنڈی میں دو میچز کے بعد سیریز کا بقیہ مرحلہ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں منعقد ہوگا، جہاں پانچ میچز سمیت فائنل بھی 29 نومبر کو کھیلا جائے گا۔
تین ملکی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ (پاکستان، سری لنکا، زمبابوے)
17 نومبر: پاکستان بمقابلہ زمبابوے، راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم، 19 نومبر: سری لنکا بمقابلہ زمبابوے، راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم، 22 نومبر: پاکستان بمقابلہ سری لنکا، قذافی اسٹیڈیم، لاہور، 23 نومبر: پاکستان بمقابلہ زمبابوے، قذافی اسٹیڈیم، لاہور، 25 نومبر: سری لنکا بمقابلہ زمبابوے، قذافی اسٹیڈیم، لاہور، 27 نومبر: پاکستان بمقابلہ سری لنکا، قذافی اسٹیڈیم، لاہور، 29 نومبر: فائنل، قذافی اسٹیڈیم، لاہور


Comments
Comments are closed.