جوہری ماحول میں جنگ کی گنجائش نہیں، فیلڈ مارشل عاصم منیر کا بھارت کو انتباہ
چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ہفتہ کو بھارت کو خبردار کیا کہ نیوکلیئر انوائرمنٹ میں دونوں ممالک میں جنگ کے لیے گنجائش نہیں، پاکستان کو دھمکی یا زبان بندی سے خوفزدہ نہیں کیا جاسکتا ، پاکستان فیصلہ کن انداز میں، بغیر کسی ہچکچاہٹ کے، حتیٰ کہ معمولی اشتعال پر بھی جواب دے گا۔
پاکستان ملٹری اکیڈمی ( پی ایم اے) میں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل نے کہا کہ پاکستان ایک بار پھر دشمن کے خلاف کامیاب رہا جو حکمت عملی کی کمی، سادگی، غرور اور اپنی غلط قیاس آرائیوں پر مبنی حکمرانی کی خواہشات سے بھرا ہوا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کی مجرمانہ رویے کا فیصلہ کرنے کی جلد بازی، غیر جانبدارانہ تحقیقات سے اجتناب اور خود تخلیق شدہ شواہد پیش کرنا حکمران طبقے کے مفادات کے لیے دہشت گردی کی سیاست کرنے کی نشاندہی کرتا ہے۔
پاکستان کے قیام سے اب تک مسلح افواج نے قوم کے مکمل تعاون کے ساتھ ملک کی بیرونی و داخلی سرحدوں کا دفاع ثابت قدمی، یقین اور فخر کے ساتھ کیا ہے۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ معرکہ حق اور آپریشن بنیان مرصوص کے دوران پاک فوج کے جذبے اور عزم کے حالیہ مظاہرے نے نہ صرف تمام خطرات کو شاندار پیشہ ورانہ مہارت سے ختم کیا بلکہ عوام کا مسلح افواج کی صلاحیتوں اور وسیع دائرہ کار پر اعتماد اور بھروسہ مزید مستحکم کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہر رنگ و نسل، عمر، جنس، قومیت یا عقیدے کے لوگوں نے فولاد کی دیوار کی طرح مضبوطی سے کھڑے ہو کر حب الوطنی اور قومی جوش و جذبے کی ایک نئی روح کو جنم دیا، جو پورے پاکستان میں پھیلی ہوئی ہے۔
ہماری اجتماعی کامیابی نے ہماری ماضی کی شاندار اور فخر سے بھرپور یادوں کو نئی توانائی اور مضبوطی بخشی ہے۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ اندرونی طور پر اس نے ہماری قوم کو مزید متحد کیا ہے اور کسی بھی خطرے، خواہ وہ بیرونی ہو یا اندرونی، کے خلاف دفاع کرنے کے ہمارے عزم کو مضبوط کیا ہے۔ اس نے بالخصوص نوجوانوں میں اس اعتماد کو تقویت دی ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج قومی طاقت کا ایک لازمی جزو ہیں اور انہیں ریاست کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
پاسنگ آؤٹ پریڈ میں 37ویں ٹیکنیکل گریجویٹ کورس، 71ویں انٹیگریٹڈ کورس اور 26ویں لیڈی کیڈٹ کورس کے کیڈٹس نے شرکت کی ۔
مزید برآں، عراق، مالدیپ، یمن اور فلسطین سمیت مختلف دوست ممالک کے کل چالیس کیڈٹس نے بھی پاسنگ آؤٹ کیا۔

Comments
Comments are closed.