نجی حج اسکیم کے تحت بکنگ کی آخری تاریخ میں صرف چار دن باقی رہ گئے ہیں، جبکہ تقریباً 16 ہزار نشستیں تاحال خالی ہیں۔ وزارت نے واضح کیا ہے کہ 17 اکتوبر کی ڈیڈ لائن میں کسی قسم کی توسیع کا امکان نہیں ہے۔
آج نیوز نے سرکاری ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا ہے کہ رواں سال نجی حج اسکیم کے لیے مختص 60 ہزار کوٹے میں سے اب تک 44 ہزار عازمین نے اپنی بکنگ کی تصدیق کر لی ہے۔ رپورٹ کے مطابق نجی آپریٹرز نے گزشتہ 25 دنوں کے دوران تقریباً 23 ہزار عازمین کے سفرِ حج کا بندوبست مکمل کیا۔
وزارتِ مذہبی امور نے تمام نجی آپریٹرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ بکنگ کے عمل اور آگاہی مہم کو تیز کریں ، تاکہ باقی ماندہ سلاٹس ڈیڈ لائن سے قبل پُر کیے جا سکیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس سال نجی آپریٹرز کے لیے کوٹہ 90 ہزار سے کم کر کے 60 ہزار کر دیا گیا ہے، جن میں سے منظور شدہ آپریٹرز کو 38 ہزار 346 نشستیں مختص کی گئی ہیں۔
دریں اثنا وزارت نے اعلان کیا ہے کہ گزشتہ سال مختلف وجوہات کی بنا پر حج ادا نہ کر سکنے والے تقریباً 21 ہزار 654 عازمین کو بھی اس سال کے انتظامات کے تحت شامل کیا جائے گا۔


Comments
Comments are closed.