اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا) کے بورڈ کا 32واں اجلاس وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں سمیڈا آرڈیننس 2002 میں مجوزہ ترامیم، نئے چیف ایگزیکٹو آفیسر کی تقرری کے عمل اور ایس ایم ای فارملائزیشن پروگرام کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں سیکریٹری وزارتِ صنعت و پیداوار سیف انجم، چیف ایگزیکٹو سمیڈا سقرات امان رانا، ایف بی آر کے چیف (لاء اینڈ کلیریفکیشن) مسعود اختر، وزارتِ خزانہ کی جوائنٹ سیکریٹری (اخراجات) عفت ملک اور وزارتِ تجارت کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر جنرل محمد اشرف نے شرکت کی۔
نجی شعبے کے نمائندوں میں عاصیہ سائل خان، ڈاکٹر سید ظہور حسن، مشہود خان اور عثمان سیف اللہ خان شامل تھے۔
ہارون اختر خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کی جانب سے ایس ایم ای سیکٹر کی تیز رفتار ترقی کے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ سمیڈا پائیدار صنعتی ترقی، سرمایہ کاری کے فروغ اور روزگار کے مواقع بڑھانے میں بنیادی کردار ادا کر رہا ہے۔
انہوں نے ہدایت دی کہ سمیڈا پورے ملک میں ایک جامع آگاہی مہم شروع کرے ،تاکہ رجسٹرڈ ایس ایم ایز کے لیے حکومتی مراعات، ٹیکس سہولتوں اور مالیاتی مواقع سے متعلق معلومات عام کی جا سکیں۔
مزید برآں انہوں نے کہا کہ سمیڈا کے ایس ایم ای رجسٹریشن پورٹل کے ذریعے زیادہ سے زیادہ کاروباری اداروں کو باضابطہ معیشت میں شامل کیا جائے۔
انہوں نے بتایا کہ طویل مدتی صنعتی فنانسنگ کو آئندہ صنعتی پالیسی کا اہم حصہ بنایا گیا ہے اور وفاقی وزیرِ خزانہ کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو اس ضمن میں مؤثر حکمتِ عملی تیار کرے گی۔
سی ای او سمیڈا سقرات امان رانا نے بتایا کہ سمیڈا آرڈیننس 2002 میں 13 ترامیم تجویز کی گئی ہیں ،تاکہ بین الوزارتی روابط کو مؤثر بنایا جا سکے اور ایس ایم ای مراعات کی منظوری کے عمل میں تیزی لائی جا سکے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ سمیڈا نے آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں منعقدہ او آئی سی ایس ایم ای نیٹ ورک کے آغاز میں بھرپور شرکت کی جبکہ روس میں ہونے والی بی آئی اوپی آر او ایم 2025 نمائش میں پاکستان کی پہلی بار نمائندگی کی۔
انہوں نے معاونِ خصوصی اور سیکریٹری وزارتِ صنعت و پیداوار کا شکریہ ادا کیا جن کے تعاون سے سمیڈا پاکستان کے ایس ایم ای نظام کو مضبوط بنانے اور بین الاقوامی سطح پر روابط کے فروغ میں کامیاب ہوا ہے۔


Comments
Comments are closed.