تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان متنازع سرحدی علاقے پر بدھ کے روز کشیدگی اُس وقت شدت اختیار کر گئی جب تھائی پولیس نے کمبوڈین شہریوں پر آنسو گیس اور ربڑ کی گولیاں چلائیں۔ دونوں ممالک نے واقعے کی تصدیق کی ہے،جو جولائی میں جنگ بندی کے بعد سب سے بڑا تصادم قرار دیا جا رہا ہے۔
کمبوڈین حکام کے مطابق جھڑپ میں کم از کم 23 افراد زخمی ہوئے، جبکہ تھائی فوج نے بھی اپنے اہلکاروں کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے، تاہم تعداد ظاہر نہیں کی۔
جھڑپ اُس متنازع سرحدی علاقے میں ہوئی جسے تھائی لینڈ بان نونگ یا کیو (صوبہ سا کیو) کا حصہ قرار دیتا ہے،جب کہ کمبوڈیا اسے پرے چن (صوبہ بانٹی مینجے) کا علاقہ مانتا ہے۔
گزشتہ ماہ تھائی حکام نے اس مقام پر خاردار باڑ نصب کی تھی، جس کے بعد دونوں جانب سے مقامی افراد نے احتجاج شروع کر دیا تھا۔


Comments
Comments are closed.