انٹربینک مارکیٹ میں جمعرات کو بھی ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں بہتری کا سلسلہ جاری رہا۔
کاروبار کے اختتام پر امریکی کرنسی کے مقابلے میں روپیہ 3 پیسے کی بہتری سے 281.80 پر بند ہوا، یہ مسلسل 15 واں روز ہے جب روپیہ ڈالر کے مقابلے میں مضبوط ہوا۔
یاد رہے کہ بدھ کو مقامی کرنسی 281.83 روپے پر بند ہوئی تھی۔
بین الاقوامی سطح پر امریکی ڈالر نے جمعرات کو کمزور آغاز کیا کیونکہ تاجروں نے آئندہ ماہ فیڈرل ریزرو کی ممکنہ شرح سود میں کمی پر شرطیں بڑھا دی ہیں، اس کے بعد نیویارک فیڈ کے سربراہ جان ولیمز نے اشارہ دیا کہ شرح سود میں کمی ممکن ہے۔
امریکی کرنسی پر اس کے علاوہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بڑھائی گئی مہم کے باعث بھی دوبارہ دباؤ بڑھ گیا ہے جس کا مقصد مالیاتی پالیسی کے فیصلوں پر زیادہ اثر و رسوخ ڈالنا ہے، کیونکہ وہ فیڈ کے گورنر لیزا کُک کو ہٹانے اور ان کی جگہ ایک حامی کو تعینات کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
ڈالر یورو کے مقابلے میں کمزور رہا حالانکہ فرانس کے وزیر اعظم نے غیر متوقع طور پر اگلے ماہ اعتماد کا ووٹ طلب کیا ہے جو ممکنہ طور پر ان کی اقلیتی حکومت کے خاتمے کا سبب بن سکتا ہے۔
ڈالر انڈیکس دو روز کی کمی کے بعد 98.135 کی سطح پر مستحکم رہا۔
یورو 0.07 فیصد اضافے کے ساتھ 1.1646 ڈالر پر پہنچ گیا اور اسٹرلنگ 0.03 فیصد بڑھ کر 1.3504 ڈالر ریکارڈ کی گئی۔
ڈالر سوئس فرانک کے مقابلے میں 0.11 فیصد کمی کے ساتھ 0.8017 پر رہا۔


Comments
Comments are closed.