بھارت کے مشرقی علاقے میں اتوار کے روز ایک تہوار کے دوران بھگدڑ مچنے سے تین افراد ہلاک اور چھ زخمی ہو گئے۔
ریاست اوڈیشہ کے پولیس ڈائریکٹر جنرل وائی بی کھرانیا نے رائٹرز کو بتایا کہ تین افراد ہلاک ہو گئے ہیں اور چھ افراد زخمی ہوئے ہیں؛ ان میں سے کوئی بھی شدید زخمی نہیں، تمام کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
ایک اعلیٰ انتظامی افسر نے رائٹرز کو بتایا کہ یہ واقعہ صبح سویرے اس وقت پیش آیا جب ہزاروں ہندو عقیدت مند پوری میں سالانہ رتھ یاترا (چاریٹ فیسٹیول) کے لیے جمع ہوئے۔
انہوں نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی درخواست کی کیونکہ انہیں میڈیا سے بات کرنے کی اجازت نہیں ہے۔
دنیا کے سب سے زیادہ آبادی والے ملک بھارت میں بڑے ہندو اجتماعات کے دوران بھگدڑ کے واقعات معمول بن چکے ہیں، کیونکہ بڑی تعداد میں لوگ تنگ جگہوں پر جمع ہو جاتے ہیں اور اکثر حفاظتی تدابیر کو نظر انداز کر دیتے ہیں۔
جنوری میں، بھارت کے شمالی شہر پریاگ راج میں مہا کمبھ میلہ کے دوران صبح سویرے ایک بھگدڑ میں کم از کم 39 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔


Comments
Comments are closed.