ایمریٹس ایئر لائن حج اور عید الاضحی کے موقع پر 46 اضافی پروازیں چلائیگی
- امارات ایئرلائن اگلے تین ہفتوں کے دوران اپنے نیٹ ورک کے اہم مقامات، جن میں پاکستان بھی شامل ہے، سے تقریباً 32,000 حجاج کرام کو لے کر جائے گی۔
دبئی کی ایمریٹس ایئرلائن نے اعلان کیا ہے کہ وہ اس سال کے حج سیزن کے لیے اپنی پروازوں میں اضافہ کر رہی ہے، جس کے تحت 31 مئی تک اور 10 سے 16 جون کے دوران جدہ اور مدینہ کے لیے 33 خصوصی پروازیں چلائی جائیں گی تاکہ ہزاروں حجاج کرام کو سہولت فراہم کی جا سکے۔
ایمریٹس ایئرلائن آئندہ تین ہفتوں کے دوران اپنے نیٹ ورک کے اہم شہروں — جیسے امریکہ، پاکستان، انڈونیشیا، جنوبی افریقہ، تھائی لینڈ اور آئیوری کوسٹ — سے تقریباً 32,000 حجاج کو منتقل کرے گی۔
اس کے علاوہ عید الاضحیٰ کے موقع پر بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنے کے لیے ایمریٹس ایئرلائن 13 مزید پروازیں اردن کے دارالحکومت عمان، دمام، کویت اور بحرین سمیت خطے کے دیگر شہروں کے لیے بھی چلائے گی۔
رواں ماہ کے آغاز میں ایمریٹس ایئرلائن نے ایک تاریخی سالانہ منافع رپورٹ کیا، جو بڑی بین الاقوامی روٹس پر مضبوط سفری طلب کی بدولت حاصل ہوا۔
کمپنی نے بتایا کہ یہ پہلا مالی سال ہے جس میں متحدہ عرب امارات میں 2023 سے نافذ ہونے والا کارپوریٹ ٹیکس ایمریٹس گروپ پر لاگو ہوا ہے۔ 9 فیصد ٹیکس چارج کے حساب کے بعد، ایمریٹس گروپ کا بعد از ٹیکس منافع مالی سال کے اختتام پر 20.5 ارب درہم (5.6 ارب ڈالر) رہا، جو گزشتہ سال کے 17.2 ارب درہم کے مقابلے میں نمایاں اضافہ ہے۔
کمپنی کے بیان کے مطابق کہ یہ شاندار کارکردگی ایمریٹس گروپ کو 25-2024 کی رپورٹنگ مدت کے دوران دنیا کا سب سے منافع بخش ایوی ایشن گروپ بناتی ہے، جبکہ ایمریٹس ایئرلائن نے اپنی تاریخ کے بہترین مالی نتائج حاصل کر کے دنیا کی سب سے زیادہ منافع بخش ایئرلائن کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔


Comments
Comments are closed.