روس کا جنگ بندی کا خیرمقدم، پاکستان اور بھارت سے تحمل کا مظاہرہ کرنے پر زور
- پاکستان اور بھارت کے درمیان صورتحال کی معمول پر واپسی دیرپا اور طویل المدتی ہوگی،ترجمان ماریا زاخارووا
نئی دہلی اور اسلام آباد کے درمیان کشیدگی میں کمی کے معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے روس نے جمعے کے روز دونوں ہمسایہ ممالک پر زور دیا کہ وہ تحمل کا مظاہرہ جاری رکھیں اور تناؤ میں دوبارہ شدت لانے سے گریز کریں۔
روسی وزارتِ خارجہ کی ترجمان ماریا زاخاروا نے اپنے بیان میں کہا کہ روس کو امید ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان صورتحال کی بحالی پائیدار اور طویل المدتی ثابت ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ یہ خطے میں دیرپا امن و استحکام کے لیے ایک اہم شرط ہے۔
ترجمان کے مطابق روس مستقل طور پر بھارت اور پاکستان کے درمیان مذاکرات کی بحالی اور باہمی اعتماد کے فروغ کا حامی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم دونوں ممالک پر زور دیتے ہیں کہ وہ اپنے اختلافات کو سیاسی اور سفارتی ذرائع سے دوطرفہ بنیادوں پر حل کریں۔
حال ہی میں بھارت اور پاکستان کے درمیان فوجی کشیدگی کے دوران روس نے تشویش کا اظہار کیا اور دونوں ممالک سے تحمل برتنے کی اپیل کی تھی۔
وزارت خارجہ نے ہر قسم کی دہشتگردی کی مذمت بھی کی ہے۔


Comments
Comments are closed.